کولمبو۔11جنوری (اے پی پی):فزیکل ڈس ایبیلٹی کرکٹ چیمپئنز ٹرافی میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ (کل)اتوار کو کولمبو میں کھیلا جائے گا ۔ پی ڈی چیمپئنز ٹرافی سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں کھیلی جائے گی جس میں میزبان سری لنکا کے ساتھ ساتھ پاکستان، انگلینڈ اور بھارت کی ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے مد مقابل ہوں گی ۔
ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز دو میچ کھیلے جائیں گے، پاکستان کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے ہو گا۔ پاکستانی ٹیم عبداللہ اعجاز کی قیادت میں میدان میں اترے گی ۔دوسرے میچ میں سری لنکا اور انگلینڈ کی ٹیمیں نبرد آزما ہوں گی، ٹورنامنٹ کا فائنل 21 جنوری کو کھیلا جائے گا۔