فیصل آباد۔ 05 ستمبر (اے پی پی):ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آبادکے ماہرین زراعت نے میدانی علاقوں میں فصل خزاں کیلئے آلو کی سفید اقسام ڈایامنٹ، سانتے، بادشاہ، سلیمی، میلوڈی، چپس کیلئے استعمال ہونے والے آلو کی اقسام ہرمس، سٹرنا، لیٹونا، سرخ اقسام ایسٹر یکس، کروڈا، برنا،سمپلی ریڈوغیرہ کی کاشت وسط ستمبر سے شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نےکہا کہ کاشتکار 15ستمبر سے کاشت شروع کر لیں تاکہ اس کی وقت مقررہ پر برداشت ممکن ہوسکے۔انہوں نے بتایاکہ آلو پاکستان کی ایک اہم فصل ہے کیونکہ اس سے فی ایکڑ آمدنی اورغذائیت دوسری فصلوں سے زیادہ ہوتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ آلو میں نشاستہ، وٹامن، معدنی نمکیات، لحمیات پائے جاتے ہیں اسلئے یہ ایک مکمل غذا بھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے اورگندم پردباؤ میں کمی لانے کیلئے آلوکی کاشت ازحد ضروری ہے۔انہوں نے بتایاکہ پنجاب میں آلو کی 3فصلیں کاشت کی جاتی ہیں جن میں میدانی علاقوں میں اس کی 2فصلیں موسم بہاروموسم خزاں اورپہاڑی علاقوں میں ایک فصل موسم گرما میں کاشت ہوتی ہے۔