فضائی کمپنی 2025 کی دوسری سہ ماہی میں پروازوں کا آغاز کرے گی، سی ای او ریاض ایئر

31
Riyadh Air CEO
Riyadh Air CEO

ریاض ۔7مئی (اے پی پی):سعودی عرب کی فضائی کمپنی ’’ریاض ایئر‘‘کے سی ای او ٹونی ڈگلس نے کہا ہے کہ ایئرلائن 2025 کی دوسری سہ ماہی میں پروازوں کا آغاز کرے گی جن میں سے بیشتر پروازیں نان سٹاپ ہوں گی۔ اردو نیوز کے مطابق انہوں نے دبئی ایوی ایشن کانفرنس میں شرکت کے موقع پر ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ ریاض ایئر کی 93 فیصد پروازیں ایک مقام سے دوسرے مقام تک نان سٹاپ ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ کمپنی نے گزشتہ سال 39 بوئنگ طیاروں کا آرڈر دیا تھا اور مزید طیارے خریدنے کا ارادہ ہے۔

ریاض ایئر کے سی ای او نے کہا کہ سعودی عرب ہوابازی کے شعبے کو ترقی دینے اور زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو مملکت لانے کا خواہشمند ہے۔انہوں نے کہا کہ کمپنی کو اپنے آپریشن سے قبل طیاروں کی بڑی کھیپ موصول ہوجائے گی جبکہ پانچ سال کے دوران دنیا کے 110 شہروں میں پروازیں پہنچیں گی۔انہوں نے بتایا کہ ایئرلائن تقریبا 100بوئنگ میکس 737 طیاروں کی خریداری کے معاہدے کا اعلان جلد کرے گی۔