24.9 C
Islamabad
پیر, مئی 12, 2025
ہومزرعی خبریںفضا میں نمی سے ترشاوہ پھل کو پودے کےساتھ منسلک کرنے والی...

فضا میں نمی سے ترشاوہ پھل کو پودے کےساتھ منسلک کرنے والی ڈنڈی کے درمیان پھپھوندی لگنے کا خدشہ، باغبانوں کو احتیاط کی ہدایت

- Advertisement -

فیصل آباد۔ 24 اکتوبر (اے پی پی):سٹرس ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے ماہر ین نے باغبانوں کو فیوٹرل ارلی، مسمی،مالٹے کی برداشت سے قبل ترشاوہ پھل کے کیرے کو خصوصی طور پر کنٹرول کرنے کی ہدایت کی اور کہا ہے کہ چونکہ موسمی تغیرات کے باعث ترشاوہ باغات میں اکادکا مقامات پرنقصان رساں کیڑوں کی کچھ علامات مشاہدے میں آئی ہیں لہٰذاباغبان ان نقصان رساں کیڑوں کی پہچان اور بر وقت تدارک کیلئے محکمہ زراعت توسیع و پیسٹ وارننگ کے مقامی عملہ کی مشاورت سے کیمیائی کھادوں کا سپرے کریں اور پھل کے کیرے کے تدارک کا سد باب کریں۔سٹرس ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے ماہر ین اثمارو ترشاوہ باغات نے بتایاکہ ترشاوہ پھلوں میں حیاتین سی اور اے کے علاوہ فولاد، فاسفورس اور چونا بھی کافی مقدار میں پائے جاتے ہیں

اور انکا تازہ رس وٹامن سی کا بہترین ذریعہ ہے جو کہ انسانی جلد کی کئی بیماریوں کیلئے انتہائی مؤثر ہے۔انہوں نے کہاکہ ہماری فی ایکڑ پیداوار دوسرے ترقی یافتہ ممالک سے کم ہے جس کی اہم وجہ ترشاوہ پھلوں کا کیرا ہے۔انہوں نے بتایاکہ باغبان مسمی، فیوٹرل ارلی اور مالٹا کی برداشت سے پہلے ترشاوہ پھل کے کیرے کو خصوصی طور پر کنٹرول کریں جبکہ ترشاوہ پھلوں کے کیرے کے اسباب کو سمجھ کر مناسب حفاظتی تدابیر اختیار کرنا ازحد ضروری ہے کیونکہ برداشت سے پہلے پھل کا کیرا پیداوار میں کمی کا باعث بنتا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے بتایاکہ سردیوں کی آمد کے ساتھ فضا میں نمی کا تناسب بڑھ جاتا ہے جس سے پھل کو پودے کے ساتھ منسلک کرنے والی ڈنڈی کے درمیان پھپھوندی لگ جاتی ہے اور پھل گر جاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ باغبان پھپھوند کے حملہ سے ہونیوالے پھل کے کیرے سے تحفظ کیلئے مناسب پھپھوند کش زہر کا سپرے کریں کیونکہ جب پھل پکنے کے قریب ہوتاہے تو پھل کی مکھی بھی کیرے کا سبب بنتی ہے لہٰذا پھل کی مکھی کے کنٹرول کیلئے ایک ایکڑ میں پانچ تا چھ جنسی پھندوں کے ڈبے لگائے جائیں۔انہوں نے کہاکہ میتھائل یوجینال فیرامون کو روئی کے ساتھ لگا کر ڈبوں کے اندر رکھنا بھی ضروری ہے اسی طرح 10سے15دن کے وقفہ کے بعد ڈبوں میں فیرامون والی دوائی تبدیل کرتے رہناچاہیے۔انہوں نے کہاکہ باغبان پرانی پٹ سن کی بوری کے5سے 6ٹکڑوں پر گڑ کا شیرا وغیرہ لگا کر اس کے اوپر ڈپٹرکس دوائی چھڑک کر انہیں متاثرہ کھیت میں مختلف جگہوں پر رکھیں۔ انہوں نے مزید بتایاکہ اگر بظاہر تندرست پودوں سے کیڑے مکوڑوں اور بیماری کے حملہ سے مبرا پھل گرنے لگے تو پھل کے کیرے کو روکنے والا سپرے کرنا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ ترشاوہ پھلوں کے کیرے کے تدارک کیلئے برداشت سے پہلے ٹوفورڈی کا سپرے کرنے سے بہتر نتائج حاصل ہوتے ہیں اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہوتا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=516459

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں