فضل الرحمان پارلیمان کا حصہ نہیں، ان کی باتیں بھی بے معنی ہیں،وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب

101

اسلام آباد۔11اکتوبر (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ فضل الرحمان پارلیمان کا حصہ نہیں ہیں ان کی باتیں بھی بے معنی ہیں، مفادات کی سیاست کرنے والے آج 12 ویں کھلاڑی بن چکے ہیں، نہ وہ بیٹنگ کرسکتے ہیں اور نہ ہی انھیں بائولنگ کا موقع مل رہا ہے، نواز شریف تو خو بھگوڑا ہے، فضل الرحمان اگر نواز شریف کے اتنے ہی خیر خواہ ہیں تو انھیں واپس لے آئیں،نیب آرڈیننس کا مقصد احتساب کے عمل کو مزید موثر اور بہتر بنانا ہے،

انھیں صرف سیف الرحمان جیسا احتساب ادارے کا سربراہ چاہیے تاکہ مرضی کا احتساب کرائیں۔پیر کو مولانا فضل الرحمان کے بیان پر اپنے ردعمل میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت نیب آرڈیننس پارلیمان میں لا رہی ہے، اگر اپوزیشن کے پاس نیب کو بند کرنے کی 34 ترامیم کے علاؤہ کوئی تجویز ہے تو بحث کے عمل میں سامنے لائے،فضل الرحمان کا دانہ پانی بند ہے اسی لئے جمہوری حکومت کو گرانے کے لئے دن رات سازشوں میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان صاحب آپ کے ریکارڈ کی درستگی کے لئے عرض ہے کہ 2018 میں عوام نے ووٹ کی طاقت سے آپ سمیت پوری اپوزیشن کو عبرت ناک شکست دی ہے، ناجائز، نااہل اور نالائق حکومتیں وہ تھیں جنہوں نے آپ کو اپنے اقتدار کا حصہ بنایا اور آپ انکے لئے سہولت کار بنے۔ انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ حکومت کی انتخابی اصلاحات پسند نہیں تو آپ اپنی اصلاحات لے آئیں ، آپ تو دھاندلی نظام کے فروغ میں دلچسپی رکھتے ہیں۔