لاہور۔13فروری (اے پی پی):تحریک ا نصاف پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کا سب سے بڑا مسئلہ صرف ”حلوے ”کا حصول ہے جو انہیں نہیں مل رہا، بچہ بچہ جانتا ہے جے یو آئی(ف)کرائے پر خدمات دینے والی جماعت ہے ۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو صرف یہ غصہ ہے کہ انہیں ہر دور کی طرح موجودہ حکومت میں حصہ کیوں نہیں ملا، پی ڈی ایم کا اتحاد اب سیاسی لطیفہ بن گیا ہے ،
وقت گزاری کیلئے آپس میں چھپن چھپائی کھیل رہے ہیں۔ مسرت جمشیدچیمہ نے کہا کہ اپوزیشن بغض میں اتنی اندھی ہے کہ ظہرانے اور عشائیے بھی عمران خان کے نام پر رکھے جاتے ہیں ،عمران خان نے تن تنہا اپنے عزم سے نام نہاد تجربہ کاروں کو آگے لگا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا صاحب لنگڑے گھوڑوں کے ساتھ دوڑ میں پہلے نمبر پر آنا چاہتے ہیں اور انہوں نے مسلم لیگ (ن) کو بھی انہی بنیادوں پر سبز باغ دکھا رکھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے پی ڈی ایم سے بدلہ لینا تھا جو اس نے لے لیا ہے اوراب پیپلز پارٹی میں جشن منایا جارہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن میں سیاسی دم خم نہیں،ویڈیو کانفرنسز سے انقلاب آنا ہوتا تو کب کا آ چکا ہوتا، اپوزیشن بند کمروں میں بیٹھ کرصرف طویل ہوتی سیاسی بیروزگاری کا توڑ تلاش کرتی ہے، اپوزیشن ماضی قریب میں سینیٹ میں ہونے والی شکست سے سبق سیکھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=295243