اسلام آباد ۔ 8 اکتوبر (اے پی پی) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا احتجاج یا دھرنا دینے کا منصوبہ ملک اور کشمیر کاز کے حق میں نہیں ہے، مولانا فضل الرحمان ایسے وقت میں وفاقی دارلحکومت میں دھرنے کی تیاری کر رہے ہیں جب پاکستان کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔ منگل کو نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا احتجاج یا دھرنا دینے کا منصوبہ ملک اور کشمیر کاز کے حق میں نہیں، مولانا فضل الرحمن ایک ایسے وقت میں وفاقی دارالحکومت میں دھرنے کی تیاری کر رہے ہیں جب پاکستان کو متعدد چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمن اور حکومت کو بات چیت کے ذریعے اس کا کوئی حل نکالنا چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ سخت ترین کرفیو میں اپنی زندگی گزار رہے ہیں اور اس صورتحال میں تمام سیاسی جماعتوں خصوصاً اپوزیشن کو متحد ہونا چاہیے۔ گزشتہ انتخابات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ 2018ءکے انتخابات شفاف انداز میں ہوئے تھے، تمام بین الاقوامی مبصرین نے انتخابات کی نگرانی کی تھی اور بتایا تھا کہ انتخابات آزاد اور منصفانہ انداز میں ہوئے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔