دبئی ۔5جولائی (اے پی پی):فلائی دبئی نے امارات کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی "اماریٹیک” کے ساتھ شراکت داری کی ہے، جس کے تحت ایئرلائن کے پائلٹس اور کیبن کریو کے لیے اسمارٹ بارڈر کنٹرول سلوشنز متعارف کرائے جا رہے ہیں۔متحدہ عرب امارات کی نیوز ایجنسی وام کے مطابق یہ جدید اسمارٹ گیٹس فلائی دبئی کے ایئرپورٹ آپریشنز سینٹر پر نصب کیے گئے ہیں، جہاں بایومیٹرک ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت سے چلنے والی شناختی توثیق اور ریئل ٹائم ڈیٹا انٹیگریشن جیسے جدید ترین نظام استعمال کیے گئے ہیں۔ ان کا مقصد امیگریشن کے عمل کو مزید تیز، موثر اور آسان بنانا ہے۔
اس اقدام سے مصروف سفری ادوار میں فلائی دبئی کی آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور عملے کے لیے بارڈر کراسنگ کا عمل زیادہ مؤثر و محفوظ ہو جائے گا۔اماریٹیک گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، ثانی الزعفین نے کہا کہ فلائی دبئی کے ساتھ یہ شراکت نئی نسل کے کاغذی کارروائی سے پاک امیگریشن نظام کے نفاذ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ "چہرے کی شناخت پر مبنی اے آئی ٹیکنالوجی کی بدولت یہ اسمارٹ گیٹس فلائی دبئی اور امیگریشن کے پلیٹ فارمز سے براہ راست منسلک ہیں، جو ریئل ٹائم میں شناخت کی تصدیق اور مکمل بغیر رکاوٹ سفر کو ممکن بناتے ہیں۔
فلائی دبئی کے چیف پروکیورمنٹ و ٹیکنالوجی آفیسر، محمد حارب المہیری نے کہا کہ ایئرلائن ہمیشہ نئی ٹیکنالوجی کو اپنانے کے مواقع تلاش کرتی ہے تاکہ ترقی اور آپریشنل کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ، "بایومیٹرک اسمارٹ گیٹس کی تنصیب فلائی دبئی کے سفر کو مزید مربوط، بروقت اور محفوظ بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
واضح رہے کہ آج فلائی دبئی کے 89 جدید طیاروں پر مشتمل بیڑے کے ذریعے 135 سے زائد مقامات کو سروس فراہم کی جا رہی ہے۔ ایئرلائن نے 6,400 سے زائد ملازمین پر مشتمل ایک مضبوط افرادی قوت بھی تشکیل دی ہے، جن میں 1,300 سے زیادہ پائلٹس اور 2,500 کیبن کریو شامل ہیں۔