قاہرہ۔30جنوری (اے پی پی):مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کا غزہ سے جبری انخلا ناانصافی ہے جس میں ہم حصہ دار نہیں بن سکتے۔ عرب نیوز کے مطابق مصر میں کینیا کے صدر ویلیم روٹو کے ساتھ پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کو ان کی زمین سے ملک بدری اور بے دخلی ناانصافی ہے جس میں مصر حصہ نہیں لے سکتا۔
مصری صدر کا کہنا تھا کہ فلسطینی کاز کے حوالے سے مصر کے تاریخی موقف پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔ مصر فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرعزم ہے کیونکہ وہ مطلوبہ امن دو ریاستی حل کے ذریعے حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ صدر السیسی نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ صدر ٹرمپ مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے دیرینہ مقصد کو حاصل کرنے کے اہل ہیں۔