فلسطینیوں کے حقوق کی کسی بھی خلاف ورزی کو یکسر مسترد کرتے ہیں، سعودی عرب

87

قاہرہ ۔5مارچ (اے پی پی):سعودی عرب نے کہا ہے کہ ہم فلسطینیوں کے حقوق کی کسی بھی خلاف ورزی کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔ایس پی اے کے مطابق قاہرہ میں عرب لیگ کے غیرمعمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےسعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے فلسطینیوں کے حق خودارادیت کے حوالے سے مملکت کے واضح موقف کا اعادہ اور دوریاستی حل پر زوردیا۔

شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ سعودی عرب فلسطینی عوام کے حقوق کی کسی بھی خلاف ورزی کو یکسر مسترد کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ غزہ کی تعمیرِ نو کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے فلسطینیوں کی ہرسطح پر جبری بے دخلی کی کوششوں کو مکمل طورپرمسترد کیا۔انہوں نے واضح کیا کہ سعودی عرب، غزہ میں جنگ بندی کے لیے عالمی سطح پرضمانتوں کا مطالبہ کرتا ہے جو علاقے کے استحکام اور فلسطینیوں کو درپیش مشکلات کے خاتمے میں معاون ہو۔انہوں نے کہا کہ غزہ کی تعمیر نو اس وقت تک کی جانی چاہیے جب تک اس کےعوام علاقے میں رہیں۔

مملکت سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کےلیے فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے اٹھائی جانے والے اقدامات کی حمایت کرتی ہے۔شہزادہ فیصل بن فرحان نے فلسطینیوں کی ان کی سرزمین سے بے دخل کرنے کی ہرطرح کی کوششوں اور منصوبوں کی مذمت کرتے ہوئے 1967 کی سرحدوں کے مطابق آزاد و خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام پر زور دیا

جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو۔سعودی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ غزہ پٹی میں فلسطینیوں کو جن مصائب و مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے یہ اس امر کا متقاضی ہے کہ عالمی برادری مل کر اس مسئلے کا جامع حل تلاش کرے اور فلسطینیوں کو ان کا جائز حق دلوائے تاکہ وہ باعزت طریقے سے اپنی سرزمین پر باوقار انداز میں زندگی گزاریں۔