فلسطینیوں کے مکانوں کا انہدام روکا جائے ، اقوام متحدہ

95
United Nations

اقوام متحدہ۔7نومبر (اے پی پی):مقبوضہ فلسطین میں انسانی امور میں اقوام متحدہ کے کوآرڈینیٹر نے اسرائیلی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فلسطینیوں کے رہائشی مکانوں کے انہدام کا سلسلہ بند کیا جائے۔ اقوام متحدہ کے کوآرڈینیٹر ایوان ہیلی نے کہا کہ 2020 میں اسرائیلی حکومت نے مقبوضہ سر زمینوں میں فلسطینیوں کے گھروں کو مسمار اور املاک کو نقصان پہنچانے کے لئے وسیع کاروائیاں انجام دی ہیں۔مقبوضہ فلسطین میں انسانی امور میں اقوام متحدہ کے کوآرڈینیٹر نے کہا کہ گذشتہ چار برسوں میں فلسطینیوں کو جبری طور پر باہر نکالا گیا یہاں تک کہ اسرائیلی حکام نے ان کے مکانات اور درہ اردن میں حمصہ البقیعہ دیہات کی عمارتوں کو ڈھا دیا۔ ہیلی نے مزید کہا کہ اسرائیلی حکومت نے غرب اردن میں تازہ ترین تخریبی کارروائی منگل کو انجام دیں اورغرب اردن کے حمصہ البقیعہ علاقے کو پوری طرح تباہ کردیا جس کے نتیجے میں 41 بچوں سمیت 73فلسطینی بے گھر اور دربدر ہوگئے۔ درایں اثنا اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن دوجاریک نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینیوں کے مکانوں کو ڈھائے جانے سے اقوام متحدہ کو شدید تشویش لاحق ہوگئی ہے اور ہم اسرائیل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان اقدامات کا سلسلہ فورا بند کرے۔