اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):پاکستان میں فلسطین کے سفارت خانے نے فلسطین کی حکومت اور عوام کی جانب سے پاکستانی حکومت اورعوام کو ان کی ہمدردی اور حمایت پر سلام پیش کیا اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، حکومت، پاک فوج، پارلیمنٹ اور تمام سیاسی جماعتوں کے یکجہتی کے بیانات کی تعریف کی۔اتوار کو جاری پریس ریلیز کے مطابق 29 نومبر کو اقوام متحدہ کے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر ایک بیان میں فلسطینی سفارت خانے نے فلسطین کاذ کی حمایت کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
ہر سال انتیس نومبر کو، دنیا کے آزاد لوگ فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا عالمی دن مناتے ہیں، جسے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 1977 میں فلسطینی عوام کے آزادی کے ناقابل تنسیخ حقوق کے ساتھ یکجہتی کا اعلان کیا تھا۔پریس ریلیز میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ دن بین الاقوامی انصاف کی اقدار اور خطے میں سلامتی اور امن کے حصول کی ضرورت پر دنیا کے اکثریتی ممالک کے کاربند رہنےکی عکاسی کرتا ہے۔
انصاف کا تقاضا ہے کہ فلسطینی عوام کو یہ اختیار دیا جائے کہ وہ دوسرے لوگوں کی طرح اپنی تقدیر خود طے کر سکیں اور انہیں ایک آزاد، خود مختار اور قابل عمل ریاست کی تعمیر میں اپنی قومی امنگوں اور اہداف کو حاصل کرنے کے قابل ہوسکیں اور اسرائیلی فوجی قبضے اور بستیوں کو بھی ختم کر سکیں۔ خاص طور پر یروشلم شہر میں،جہاں اسرائیل کی طرف سے مقدس شہر سے فلسطینیوں کے وجود کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے بستیوں کی تعمیر کا انتہائی خوفناک منصوبہ بنایا گیا ۔
فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن پر، ہمارے لوگ اب بھی براہ راست اسرائیلی قبضے میں ہیں اور ایک گھنائونی نسلی امتیازی سلوک کا شکار ہیں، جس میں ہمارے لوگ اسرائیلی قابض افواج اور آبادکاروں کے حملوںکی بارہا خلاف ورزیوں کا شکار ہیں جو فلسطینیوں، فلسطینی عوام کی زمین، ہوا، صلاحیتیں اور قدرتی وسائل پر قابض ہیں۔ "فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر، جن میں سے دو تہائی اب بھی 1948 سے پناہ گزین کی حیثیت سے مختلف ممالک کے کیمپوں میں آباد ہیں اور اپنے گائوں اور شہروں میں واپسی کے منتظر ہیں جہاں سے انہیں زبردستی نکالا گیا اور اب بھی اقوام متحدہ کی قراردادوں، خاص طور پر قرارداد 194 کے نفاذ منتظر ہیں،
جس میں ان کی واپسی کی شرط رکھی گئی تھی۔ قرارداد میں فلسطینی پناہ گزینوں کو معاوضہ دینے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ سب کچھ ہونے کے باوجود فلسطینی عوام اب بھی اپنی قومی شناخت سے محروم ہیں اور ہماری ثقافت اور ورثے کو ختم کرنے کی اسرائیلی سازشوں کے خلاف مزاحمت کر رہے ہیں۔ فلسطینی سرزمین فلسطین میں ہزاروں سالوں سے رہ رہے ہیں اور اپنی شناخت اور سالمیت کو برقرار رکھنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں جس کی ضمانت پہلے ان کی عظیم قربانیوں سے ملتی ہے۔
سفارت خانہ گزشتہ 8 دہائیوں سے پاکستان کے ساتھ ہمارے تاریخی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، ہمیں پاکستان کی دوستی پر فخر ہے اور ہم سرکاری اور عوامی سطح پر اس کی حمایت سے مزید تقویت محسوس کرتے ہیں۔ پاکستان میں فلسطینی سفارت خانہ فلسطینی عوام کے حقوق کے حصول کے لیے ان کی حمایت میں پاکستان کے تاریخی برادرانہ موقف کو سراہتا ہے۔
ہم فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر اور انصاف اور آزادی کی اقدار کی پاسداری کے اظہار میں ان کی حمایت اور یکجہتی پر دنیا بھر میں فلسطین کے دوستوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ بیان کے آخر میں کہا گیا کہ فلسطین زندہ باد، پاکستان زندہ باد، آزادی امن اور انصاف سے محبت کرنے والے ممالک اور عوام زندہ باد۔