فلسطینی شہر اریحا میں سڑک اسرائیلی جنگ کے خلاف احتجاجاً خود سوزی کرنے والے امریکی فضائیہ کے اہلکار آرون بوشنیل کے نام سے منسوب کر دی گئی

102
Palestine

مقبوضہ بیت المقدس۔11مارچ (اے پی پی):فلسطین کے مغربی کنارے کے شہر اریحا میں سڑک کو غزہ میں اسرائیلی جنگ کے خلاف احتجاجاً خود سوزی کرنے والے امریکی فضائیہ کے اہلکار آرون بوشنیل کے نام سے منسوب کر دیا گیاہے ۔

اردو نیوز کے مطابق 25 فروری کو واشنگٹن میں اسرائیلی سفارتخانے کے باہر فوجی یونیفارم میں ملبوس 25 سالہ امریکی نوجوان نے انٹرنیٹ پر لائیو سٹریم کے دوران کہا کہ میں اب نسل کشی میں شریک نہیں رہوں گا، اس کے بعد اس نے ’’فلسطین کو آزاد کرو‘‘ کا نعرہ لگاتے ہوئے خود کو آگ لگا دی۔ گزشتہ روز مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر اریحا میں سڑک کو امریکی فوجی کے نام سے منسوب کرنے کی ایک تقریب منعقد ہوئی۔

اس موقع پر شہر کے میئر عبدالکریم صدر نے آرون بوشنیل کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس نے فلسطینی کاز کے لیے سب کچھ قربان کر دیا،ہم اسے نہیں جانتے تھے اور نہ ہی وہ ہمیں جانتا تھا،ہمارے درمیان کوئی سماجی، معاشی یا سیاسی رابطہ نہیں تھا،ہمارے درمیان جو چیز مشترک ہے وہ آزادی کے لیے محبت اور (غزہ پر) ان حملوں کے خلاف کھڑے ہونے کی خواہش ہے