فلسطینی صدر محمود عباس کل پوپ فرانسس سے ملاقات کریں گے

139

اسلام آباد۔11دسمبر (اے پی پی):فلسطینی صدرمحمود عباس پوپ فرانسس سے کل 12 دسمبر کو ملاقات کریں گے۔العربیہ کے مطابق کیتھولک مسیحیوں کے پوپ فرانسس سےفلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس کی ملاقات ہوگی۔

فلسطینی صدر محمود عباس اسی ہفتے اٹلی پہنچ رہے ہیں۔ جہاں وہ بطور خاص ویٹیکن سٹی جائیں گے اور پوپ سے ملاقات کریں گے۔ وہ اس سے پہلے بھی پوپ فرانسس سے کئی بار ملاقات کر چکے ہیں۔پوپ فرانسس نے غزہ میں جاری اسرائیلی جنگ کے حوالے سے حالیہ مہینوں میں اسرائیل پر مقابلتاً کھلی تنقید کی ہے۔

انہوں نے ماہ اکتوبر میں بین الاقوامی برادری کو اس وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا کہ وہ جنگ کا خاتمہ کرانے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ پوپ نے بین الاقوامی برادری کی اس نااہلیت کو شرمناک قرار دیا۔پوپ فرانسس 2013 سے عالمی سطح پر کیتھولک چرچ کے سربراہ ہیں۔ وہ لبنان میں بھی اسرائیلی بمباری پر تنقید کر چکے ہیں اور اسرائیلی بمباری کو اخلاقیات سے عاری قرار دے چکے ہیں۔

محمود عباس کی پوپ فرانسس سے پچھلی ملاقات نومبر 2021 میں ہوئی تھی۔ اب 12 دسمبر کو ویٹی کن سٹی میں ہوگی۔ محمود عباس پوپ کے علاوہ اٹلی کے صدر اور وزیر اعظم سے بھی ملاقات کرنے والے ہیں۔