امریکہ اور قطر کا ایران کی 6ارب ڈالر کی امداد تک رسائی روکنے پر اتفاق

92
State Bank
State Bank

واشنگٹن ۔13اکتوبر (اے پی پی):امریکی حکام اور قطری حکومت نے اسرائیل پر حماس کے حملے کی روشنی میں انسانی امداد کے لیے ایران کو 6 بلین ڈالر کے اکاؤنٹ تک رسائی سے روکنے پر اتفاق کیا ہے ۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایوان نمائندگان کے3ارکان نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ نائب وزیر خزانہ والی ایڈیمونے ایوان نمائندگان کو بتایا ہے کہ پیسہ جلد کہیں نہیں جا رہا ہے۔

سینیٹ بینکنگ کمیٹی کے چیئرمین شیروڈ براؤن سمیت دونوں پارٹیزکے سینیٹرز نے جو بائیڈن انتظامیہ سے معاہدے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔امداد منجمد کرنے بارے سوال کے جواب میں اقوام متحدہ میں ایران کے مشن نے ایک بیان میں کہاکہ متعلقہ سینیٹرز اور امریکی حکومت اس بات سے پوری طرح آگاہ ہیں کہ وہ معاہدے سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ یہ فنڈز بجا طور پر ایرانی عوام کے ہیں اور ان کے لیے تمام بنیادی اور غیر منظور شدہ ضروریات تک رسائی کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ایرانی حکومت کو مختص کیے گئے ہیں۔ کوئینسی انسٹی ٹیوٹ فار رسپانسبل سٹیٹ کرافٹ کی ایگزیکٹو نائب صدر تریتا پارسی نے کہا کہ امداد کی منسوخی سے ایران میں سخت گیر آوازوں کی حوصلہ افزائی ہو گی جنہوں نے مغرب کے ساتھ کام کرنے سے انکار کر دیا ہے۔