اسلام آباد ۔23اکتوبر (اے پی پی):مسیحی برادری نے فلسطین میں ڈھائے جانے والے اسرائیلی مظالم کو روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ دنیا فلسطین میں قیام امن کے لیے اپناکردار ادا کرے ۔
ڈائریکٹر انٹرفیتھ ہارمنی کمیشن فادر اعظم صدیق اور رکن ڈسٹرکٹ انٹرفیتھ ہارمنی کمیٹی بابو ساجد امین کھوکھر نے گزشتہ روز ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فلسطین میں جاری اسرائیلی ظلم و بربریت کے باعث عالمی امن کو خطرہ ہے ،فلسطینیوں کی نسل کشی قابل مذمت ہے ،
بے گناہوں کا خون بہانا کسی بھی مذہب میں جائز نہیں اس لیے اقوام عالم کو چاہیے کہ فلسطینیوں پر جاری مظالم کو فوری روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔بابو ساجد امین کھوکھر نے کہاکہ مسیحی قوم امن کی داعی ہے اور چاہتی ہے کہ پوری دنیا میں امن قائم ہو۔
ڈائریکٹر انٹرفیتھ ہارمنی کمیشن فادر اعظم صدیق نے کہاکہ فلسطین میں اسرائیلی ظلم و ستم کا شکار صرف مسلمان نہیں ہورہے بلکہ مسیحی برادری بھی ظلم و ستم کا شکار ہے جو کہ دنیا بھر میں مسیحی برادری کے لیے قابل تشویش ہے ۔پاکستانی مسیحی برادری اقوام متحدہ سمیت دیگر ممالک سے غزہ میں مظالم کے خاتمے کا مطالبہ کرتی ہے ۔