اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):نائب وزیراعظم ،وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے فلسطین کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے لیے انسانی امداد کی فراہمی میں اضافہ کے ساتھ فلسطینی طلبہ کو تعلیمی مدد فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے ہفتہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نےپاکستان کی جانب سے فلسطینی عوام کو فراہم کی جانے والی امداد کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
نائب وزیراعظم،وزیر خارجہ نے اسرائیل کی طرف سے انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزیوں کے نتیجے میں غزہ اور مغربی کنارے میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار بھی کیا۔
انہوں نے فلسطینی کاز کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے لیے انسانی امداد کی فراہمی کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ فلسطینی طلبہ کو تعلیمی مدد فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔