فلمساز شباب کیرانوی اورگلو کار سکندر صنم کی برسی (کل) منائی جائے گی

259

فیصل آباد۔ 04 نومبر (اے پی پی):پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور ہدائت کار و فلمساز شباب کیرانوی اورمعروف اداکار وگلو کار سکندر صنم کی برسی ۱ٓج منگل5 نومبرکو منائی جائے گی۔شباب کیرانوی 1925میں بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر کیرانہ میں پیدا ہوئے جن کا اصل نام حافظ نذیر احمد تھا۔

وہ بنیادی طور پر حافظ قرآن تھے۔ انہوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز 1955میں بطور پروڈیوسر فلم جلن سے کیا جبکہ بطور ہدائت کا ر ان کی پہلی فلم ثریا تھی۔انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران بے شمار شہرہ آفاق فلمیں بنائیں۔ تین سال بعد سپر ہٹ موویز کے بینر تلے انہوں نے ٹھنڈی سڑک فلم بنائی جو قدرے کامیاب ہوئی۔1960میں اسی ادارے کے تحت انہوں نے ایک جادوئی ٹائپ فلم گلبدن بنائی اور حسب معمول اس کی ہدایات بھی اے حمید ہی نے دیں۔ انہوں نے پہلی باراپنے ہی ادارے سپر ہٹ موویز کی فلم ثریا کی ڈائریکشن دی جو ایک عمدہ ومعیاری اور کامیاب شاہکار ثابت ہونے سمیت شباب کیرانوی کے ہدایتکار انہ کیریئر کیلئے سنگ میل ثابت ہوئی۔شباب کیرانوی 5نومبر 1982 کو اس دار فانی سے کوچ کرگئے۔

علاوہ ازیں نامور کامیڈین اور شو بز کی دنیا کے معروف فنکار، اداکار،گلو کار سکندر صنم کی برسی بھی ۱ٓج 5نومبر بروز منگل کومنائی جائے گی۔ معروف مزاحیہ فنکار سکندر صنم 21ستمبر1960کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے معین اختر کے فن سے متاثر ہو کر شوبز کے میدان میں قدم رکھا۔ اپنی خداداد صلاحیتوں کے باعث سکندر صنم اداکار ی، گلوکار ی اور مزاحیہ فنکاری میں خاص مقام رکھتے تھے۔انہوں نے کئی بھارتی فلموں کے پارٹ ٹو بھی بنائے جن میں تیرے نام پارٹ ٹو کو بہت پذیر ائی ملی۔ سکندر صنم ون مین شومیں بھی مہارت رکھتے تھے۔ انہوں نے مختلف ٹی وی ڈراموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ سکندر صنم 5 نومبر 2012کو دل کا دورہ پڑنے سے اس جہان فانی سے کوچ کر گئے۔