لاہور۔17دسمبر (اے پی پی):پاکستانی فلم انڈسٹری اور ٹیلی ویژن کے صدارتی ایوارڈ یافتہ معروف اداکار علی اعجاز کی چھٹی برسی (کل ) 18دسمبر کو منائی جائے گی۔اس سلسلے میں فلمی حلقوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات مختلف تقریبات کا اہتمام کریں گی۔
علی اعجاز نے اپنے کیریئر کا آغاز تھیٹر سے کیا،لاہور سے ٹی وی کی نشریات کا آغاز ہوا تو وہ مختلف ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے لگے۔انہوں نے زیادہ تر مزاحیہ کردار نبھائے ،علی اعجاز کا ایک کردار خواجہ اینڈ سنز میں ایسےبوڑھے کا تھا جو آج بھی ناظرین کو یاد ہے، ان کی شہرت میں ٹی وی پلے دبئی چلو نے بھی اضافہ کیا
،اسی کھیل پر مبنی اسی نام سے ایک فلم 1980 میں ریلیز ہوئی جس کے بعد علی اعجاز کو دھڑا دھڑفلمیں ملنا شروع ہو گئیں۔1980 کی دہائی میں اداکار خاور رفیع عرف ننھاکے ساتھ ان کی جوڑی فلموں میں بہت مقبول ہوئی،حکومت پاکستان نے انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا ۔
علی اعجاز نے سادھو اور شیطان، لیلی مجنوں، سدھا رستہ، بادل، مسٹر افلاطون، نوکر تے مالک، بائو جی، اندھیر نگری، چور مچائے شور ،صاحب جی،سسرال چلو،سوہرا تے جوائی اور اردو و پنجابی زبان کی ایک سو سے زائدفلموں میں کام کیا۔ فلم سٹار علی اعجاز 18دسمبر2018 کو 77سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔