لاہور۔13مارچ (اے پی پی):عید الفطر پر پاکستان بھرمیں ریلیز ہونے والی اردو فلم’’لمبی جدائی‘‘ کے پروڈیوسر ملک مشتاق نے کہا ہے کہ یہ فلم ایک منفرد کہانی اور معیاری پروڈکشن کے ساتھ شائقین کے دلوں پر نقش چھوڑے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور پر یس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ملک مشتاق نے کہا کہ "لمبی جدائی” ایک ایسی فلم ہے جو جذبات، محبت اور حقیقت کے قریب تر کہانی پر مبنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس فلم کی تیاری میں جدید ٹیکنالوجی اور معیاری سنیماٹوگرافی کو مدنظر رکھا گیا ہے تاکہ ناظرین کو ایک یادگار فلمی تجربہ فراہم کیا جا سکے۔ملک مشتاق نے مزید کہا کہ پاکستانی فلم انڈسٹری ترقی کی راہ پر گامزن اور ’’لمبی جدائی‘‘ اس سفر میں ایک اہم قدم ثابت ہوگی۔
انہوں نے شائقین سے اپیل کی کہ وہ اس فلم کو دیکھیں اور پاکستانی سنیما کو سپورٹ کریں،اس فلم کے ہیرو بابر علی ،فضاشاہ اورطلعت شاہ ہیں۔ ملک مشتاق نے کہا کہ فلم بینوں کو معیاری تفریح فراہم کرنا ان کا مقصد ہے ،’’لمبی جدائی‘‘ اس سلسلے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔اس موقع پر فلم کی سٹار کاسٹ، سینئر اداکار راشد محمود، سینئر شوبز صحافی ساجد یزدانی، صدر جرنلسٹس فائونڈیشن طاہر بخاری، محمد عادل منیر، کاشف مشتاق سمیت دیگر معزز شخصیات نے بھی فلم کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=572205