
منیلا ۔23اکتوبر (اے پی پی):فلپائن میں سمندری طوفان ٹرامی کے باعث شدید بارشوں سے آنے والے سیلاب نے کئی آبادیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے 3 لاکھ 80 ہزار سے زیادہ افراد متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ کچھ علاقے بجلی سے محروم ہوگئے۔شنہوا کے مطابق بدھ کی صبح صوبہ ارورہ کے 310 کلومیٹر مشرق میں واقع لوزون نامی مقام پر 85 کلومیٹر سے 105 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک ہوائیں چل رہی تھیں، ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طوفان کے بدھ کی رات یا جمعرات کی صبح ازابیلا یا شمالی ارورہ سے ٹکرانے کا امکان ہے۔
ٹرامی سے متاثرہ علاقوں کی گلیوں، محلوں، مالز اور چاول کے کھیتوں میں پانی بھر چکا ہے جس سے منیلا کے جنوب مشرق میں متاثرہ علاقے بیکول کی بجلی منقطع ہو گئی ہے ۔ناگا شہر کی رہائشی جوریزے رویرا نے بتایا کہ منگل کو سارا دن بارش ہونے کے بعد اس کا پڑوس پانی میں ڈوبا ہوا تھا اور ہمارے پاس اب بھی بجلی نہیں ہے۔
اس نے شنہوا کو فون پر بتایا کہ البے صوبے میں رہائشی چھتوں پر پھنس گئے جو امدادی کارکنوں کے انتظار میں ہیں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ نے متاثرہ علاقوں میں نقل و حمل کو مفلوج کر دیا ہے۔حکام اور مقامی میڈیا نے بھی وسطی اور جنوبی فلپائن میں سیلاب کی اطلاع دی، تاہم فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔
موسمیات کے قومی بیورو نے بتایا کہ طوفان کے شمال مغرب کی طرف زمین کی طرف بڑھنے کے ساتھ ہی بھاری بارش جاری رہنے کی توقع ہے۔ واضح رہے کہ ٹرامی اس سال فلپائن میں 11 واں طوفان ہے، وہاں سالانہ اوسطاً 20 طوفان آتے ہیں۔