منیلا۔20جنوری (اے پی پی):فلپائن میں کار حادثے کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 15زخمی ہوگئے ہیں۔چینی خبررساں ادارے کے مطابق مقامی پولیس ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ فلپائن کے صوبہ لگونا میں منیلا کے جنوب میں ایک مسافر جیپنی کے بریک فیل ہونے سے دو افراد بشمول ایک دو سالہ بچی ہلاک اور 15 دیگر زخمی ہو گئے ہیں ۔
انہوں نے بتایا کہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق شام 5 بجے کے قریب پیش آیا جب ایک مسافر جیپنی نے اترائی اترنے کے دوران سڑک کے کنارے کھڑی ایک نجی جیپ اور دو موٹر سائیکلوں سے ٹکرا گئی۔انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس نے ہلاک اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال میں پہنچا کر جیپنی ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ لمبی اور فلیٹ بیڈ مسافر جیپنیاں فلپائن میں پبلک ٹرانسپورٹ کا سب سے مقبول طریقہ ہیں یہ مشہور گاڑیاں دوسری جنگ عظیم کے بعد سے فلپائن کی سڑکوں پر چل رہی ہیں تاہم، ملک میں ہونے والے بہت سے حادثات کا ذمہ دار ان ناقص دیکھ بھال والی گاڑیوں کو ٹھہرایا جاتا ہے جو سیکنڈ ہینڈ کار کے پرزوں سے بنی ہوتی ہیں۔