فلپائن کے اعزازی قونصل جنرل کا سندس فائونڈیشن کا دورہ،تھیلیسیمیا کے مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا

146

لاہور۔16نومبر (اے پی پی):فلپائن کے اعزازی قونصل جنرل فہدالشیخ نے ہفتہ کے روز سندس فائونڈیشن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا کے مریضوں سے ملاقات کی۔ ترجمان کے مطابق دورے کے دوران فہدالشیخ نے فائونڈیشن میں فراہم کی جانے والی مختلف سہولیات کا جائزہ لیا، مریضوں میں تحائف تقسیم کئے اور مستقل تعاون کا وعدہ کیا۔ انہوں نے فائونڈیشن کی جانب سے خون کی بیماریوں میں مبتلا افراد کو بنیادی نگہداشت فراہم کرنے کے کام کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

سندس فائونڈیشن کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر عدنان گیلانی نے فلپائن کے اعزازی قونصل جنرل کو فائونڈیشن کی خدمات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ فائونڈیشن 7000سے زائد تھیلیسیمیا کے مریضوں کو مفت علاج اور ادویات فراہم کرتی ہے جن کی زندگی کا انحصار باقاعدگی سے خون کی منتقلی پر ہے ۔ ڈاکٹر عدنان نے فائونڈیشن کے جامع علاج، مریضوں کی رہنمائی اور انہیں بہتر زندگی گزارنے کے بارے آگاہی فراہم کرنے کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔

سندس فائونڈیشن کے صدر یاسین خان نے فہدالشیخ کے دورے اور ان کی حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر فائونڈیشن کی اعلی قیادت کے اراکین، چیف آپریٹنگ آفیسر عبد الستار، ڈائریکٹر فنانس علی رئوف اور محمد یعقوب بھی موجود تھے جنہوں نے بین الاقوامی شراکت داری کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔فہدالشیخ نے سندس فائونڈیشن کے ساتھ اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ فائونڈیشن کے مشن کو عالمی سطح پر متعارف کرانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔