فلپائن کے وسطی حصوں میں شدید زلزلہ، آفٹر شاکس کا اندیشہ، کئی شہروں میں عمارتوں کو نقصان

94
Earthquake
Earthquake

منیلا ۔ 18 اگست (اے پی پی) فلپائن کے وسطی حصوں میں منگل کی صبح شدید زلزلہ آیا۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 6.7 تھی اور اس سے کئی شہروں میں عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ زلزلے کے بعد سونامی وارننگ جاری نہیں کی گئی تاہم آفٹر شاکس کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق صبح 8:03 بجے آنے والا زلزلہ اس قدر شدید تھا کہ لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے نکل آئے۔ زلزلے کا مرکز فلپائن کے وسطی صوبہ سامار کے بائی کول نامی علاقے میں جزیرہ مسبیت کے جنوب مشرق میں سمندر کی تہہ سے دس کلو میٹرکی گہرائی میں تھا۔ زلزلے سے فوری طور پر کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی تاہم زلزلے کے مرکز سے کئی کلو میٹر دور واقع قصبے کاٹین گان کی پولیس کے مطابق کئی گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔ ایک اور قصبے پالاناس میں زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کے خدشے کے پیش نظر ایک ہسپتال کو خالی کرا لیا گیا ہے۔ جزیرہ مسبیت سے چار سو کلومیٹر دور وسایاس ریجن کے ایک اور شہر الوئیلو میں زلزلے کے باعث لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے نکل آئے۔ رپورٹ کے مطابق اس سے ایک دن قبل پیر کو بھی اسی علاقے میں کم شدت کے پانچ زلزلے محسوس کئے گئے جن کی شدت ریکٹر سکیل پر 2.5 سے 4.6 کے درمیان تھی۔