فلیش فلڈنگ سے بچائو کیلئے پنجاب ایمرجنسی سروسز اور ڈی سیز کو مراسلہ جاری

40
DG PDMA Irfan Ali Kathia
DG PDMA Irfan Ali Kathia

لاہور۔1جولائی (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق سانحہ سوات کے پیشِ نظر فلیش فلڈنگ سے بچاو کیلئے ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے پنجاب ایمرجنسی سروسز اور ڈی سیز کو مراسلہ جاری کردیا ۔مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ سیالکوٹ، نارووال، گجرانوالہ ، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں فلیش فلڈنگ کے خطرات ہیں لہذا ان اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ولنرایبل مقامات پر ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کریں اورڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو 24 گھنٹے فعال رکھیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ محکمہ آبپاشی، محکمہ مواصلات اور ریسکیو 1122 کو دریاوں، نہروں، برساتی نالوں اور رودکوہیوں کے اطراف میں پکنک پوائنٹس پر مناسب اقدامات کیے جائیں ۔مون سون سیزن کے دوران دریاوں ،نہروں، برساتی نالوں اور پکنک پوائنٹس پر نہانے پر مکمل پابندی عائد ہے، دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی ایکشن لیں اورولنرایبل مقامات پر سائن بورڈز مقامی میڈیا اور مساجد کے ذریعے آگاہی مہم چلائیں ۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ رودکوہیوں اور دریاوں کے اطراف اور ہائی رسک پکنک مقامات پر وارننگ کے سائن بورڈ لگائیں۔ پنجاب کے دریاوں میں کشتیوں پر اوورلوڈنگ اور لائف جیکٹس کے بغیر کراسنگ پرمکمل پابندی ہے۔اوور لوڈنگ کرنے والی مسافر بوٹس کے مالکان کے خلاف سخت ایکشن لیں۔ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے پی ڈی ایم اے پنجاب کو دریائوں، نہروں، رودکوہیوں اور فلیش فلڈنگ سے بچائو کیلئے ولنرایبل مقامات پر پیٹرولنگ کی ہدایات بھی جاری کیں ہیں ۔

مراسلہ میں کہا گیا ہے ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کو ولنرایبل مقامات پر فوری تعینات کیا جائے ۔ولنرایبل مقامات پر ریسکیو بوٹس لائف جیکٹس ریسکیو روپس اور ضروری ادویات کی پیشگی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ تمام متعلقہ محکمے اور انتظامی افسران مون سون سیزن کے پیش نظر الرٹ رہیں۔وزیر اعلی پنجاب کی واضح ہدایات ہیں کوتاہی یا غیر ذمہ داری کی گنجائش نہیں ہیں ۔