فلیٹ پچز اور چھوٹی باؤنڈریز کی وجہ سے باؤلرز کے لئے مشکلات ہیں،نئے کھلاڑیوں کو ریورس سوئنگ سکھانا ضروری ہے، سہیل خان

111
فلیٹ پچز اور چھوٹی باؤنڈریز کی وجہ سے باؤلرز کے لئے مشکلات ہیں، نئے کھلاڑیوں کو ریورس سوئنگ سکھانا ضروری ہے، سہیل خان

راولپنڈی۔9مارچ (اے پی پی):کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ باؤلر سہیل خان نے کہا ہے کہ فلیٹ پچز اور چھوٹی باؤنڈریز کی وجہ سے باؤلرز کے لئے مشکلات ہیں، نئے کھلاڑیوں کو ریورس سوئنگ سکھانا ضروری ہے، فلیٹ پچز پر اگر ریورس نہ کر سکے تو بہت مشکل ہو گی ۔

پشاور زلمی کے خلاف میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے سیزن کا دوسرا میچ کھیلا ہے اس لیے لائن و لینتھ پر بائولنگ نہیں کر پایا ۔ انہوں نے کہا بابر اعظم ورلڈ کلاس پلیئر ہیں اور ہر جگہ سکور کرتے ہیں ، بابر اور صائم ایوب اس عہد کے بہترین اوپنرز ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پچ بیٹنگ کے لیے مشکل نہیں تھی ، اگلے میچوں میں کم بیک کی کوشش کریں گے ۔ سہیل خان نے مزید کہا کہ خواجہ نافع بہت باصلاحیت کھلاڑی ہے اور پاکستان کے لیے اچھا اوپنر ثابت ہو سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا فلیٹ پچز اور چھوٹی باؤنڈریز پر باؤلرز کے لئے مشکلات ہیں، جس اینڈ سے میں باؤلنگ کر رہا تھا وہاں سے تو آدھے شاٹ پر باؤنڈری لگ جاتی، ٹی 20 کے لئے اچھا وکٹ تھا لیکن باؤنڈری تھوڑی بڑھا دیں تو بائولرز کے لئے اچھا ہو گا۔