اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):فنانس ڈویژن نے حکومت پاکستان کی طرف سے اٹھائے گئے ایس او ایز پر بڑے اصلاحاتی اقدامات کے بارے میں شعور اجاگر کرنے اور ان کو بہتر بنانے کے لئے بدھ کوسیمینار کا انعقاد کیا ۔سیمینار کا مقصد کارپوریٹ گورننس اور تجارتی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے بڑے چیلنجوں پر مشاورت کرنا اور بین الاقوامی اقدامات سے اشتراک کرنا ہے ۔ جو حکومت کے ایس او ایز کے اصلاحاتی پروگرام کے دائرہ کار اور ڈیزائن کو مزید وسیع کر سکتا ہے۔
سیمینار میں لائن منسٹریز، ایس او ایز ، ایشیائی ترقیاتی بینک اور ورلڈ بینک کے سینئر حکام نے شرکت کی۔سیمینار سے اپنے اختتامی خطاب میں وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات مفتاح اسماعیل نے کہا کہ کس طرح موجودہ حکومت نے مالیاتی اور بین الاقوامی تجارتی اقدامات کے ذریعے معیشت کو مستحکم کرنے پر توجہ مرکوز کی ہے۔
انہوں نے روشنی ڈالی کہ ایس او ایز کو قابل پیشہ ور افراد چلا رہے ہیں لیکن مجموعی طور پر گورننس کا فریم ورک غائب ہے، حکومت پاکستان نے ایس او ای بل کا مسودہ تیار کیا ہے جسے قومی اسمبلی نے منظور کر لیا ہے اور اب اسے سینیٹ کے سامنے رکھا گیا ہے۔
افتتاحی کلمات میں وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے چند ایس او ایز کے ذریعے مالی وسائل کے نقصان کو روکنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ایس او ایز کی گورننس اور کارکردگی کو بہتر بنایا جائے۔ انور شیخ، ایڈیشنل سیکرٹری (کارپوریٹ فنانس) فنانس ڈویژن نے ایس او ای قانون، ایس او ای پالیسی اور مرکزی مانیٹرنگ یونٹ پر پیشرفت کا اشتراک کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد وفاقی حکومت کے لئے پیسے کی قدر کو یقینی بنانا اور ایس او ایز کی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانا ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے سینئر ماہر اقتصادیات مسٹر لیسیاسا ٹورا نے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ شراکت داری میں SOE اصلاحات کو ڈیزائن اور لاگو کرنے میں حکومت پاکستان کی مدد کے لیے اے ڈی بی کے وژن اور اقدامات کو پیش کیا۔
سینئر اکنامسٹ ورلڈ بینک قرۃالعین ہادی نے ایس او ایز کی کارپوریٹ گورننس کو بہتر بنانے کے لئے پریزنٹیشن پیش کیا۔سیمینار نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو گورنمنٹ آ ف پاکستان کے ذریعے شروع کئے گئے مختلف ایس او ای اصلاحاتی اقدامات پر اب تک ہونے والی پیش رفت پر خیالات کا تبادلہ کرنے کا ایک اچھا موقع فراہم کیا۔ سیمینار نے نئے خیالات اور تاثرات پیدا کئے جو ایس او ایز کے اصلاحاتی ایجنڈے کو موثر اور باہمی تعاون کے ساتھ نافذ کرنے کے لئے حکومت کی کوششوں کو مزید بہتر بنائیں گے۔