فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے اتفاق رائے سے تمام ایکشن پلان کے نکات پر پاکستان کو کلیئر کردیا ہے، وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر

60
وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر آج سے ناروے، سویڈن، ڈنمارک اور بیلجم کا سرکاری دورہ کریں گی

اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے اتفاق رائے سے تمام ایکشن پلان کے نکات پر پاکستان کو کلیئر کردیا ہے، ہماری پوری کوشش ہے کہ ایف اے ٹی ایف کی ٹیکنیکل ایوالویشن ٹیم اس سال اکتوبر سے پہلے اپنا کام مکمل کرے۔

جمعہ کو ایف اے ٹی ایف کے اجلاس کے بعد وزیر مملکت برائے امور خارجہ نے کہا کہ پاکستان کا وفد گزشتہ 3 دن سے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے اجلاس میں شرکت کے لئے برلن میں رہا، اجلاس میں پاکستان کے 2018 اور 2021 کے ایکشن پلانز کی تکمیل کو تسلیم کیا گیا ہے۔ حنا ربانی کھر نے کہا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ ایف اے ٹی ایف نے اتفاق رائے سے تمام ایکشن پلان کے نکات پر پاکستان کو کلیئر کرکے کہا ہے کہ پاکستان نے اس حوالے سے بھرپورکارکردگی دکھائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ہمارا گرے لسٹ سے نکلنے کا عمل ایف اے ٹی ایف کے طریقہ کار کے مطابق شروع ہوتا ہے، جس کے تحت ٹیکنیکل ایوالویشن ٹیم پاکستان بھیجی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ ٹیکنیکل ایوالویشن ٹیم اس سال اکتوبر سے پہلے اپنا کام مکمل کرے، ہم نے ان کو یقین دلایا ہے کہ ہم ان کو سہولت فراہم کریں گے۔

وزیر مملکت برائے امور خارجہ نے کہا کہ اکتوبر تک ایف اے ٹی ایف گری لسٹ سے نکلنے کا عمل اختتام کو پہنچے گا۔ انہوں نے پوری قوم کو اس کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے مختلف وزارتوں، اداروں، افراد اور اپنے ہمراہ برلن جانے والی ٹیم کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے جس نے جانفشانی اور لگن سے کام کیا اس کے نتیجے میں ان کی محنت کو تسلیم کیا گیا ہے۔