24.9 C
Islamabad
جمعہ, اپریل 4, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںفنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے اتفاق رائے سے پاکستان کو گرے لسٹ...

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے اتفاق رائے سے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کا فیصلہ کرتے ہوئے وائٹ لسٹ کر دیا

- Advertisement -

اسلام آباد۔21اکتوبر (اے پی پی):فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ( ایف اے ٹی ایف)نے اتفاق رائے سے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کا فیصلہ کرتے ہوئے وائٹ لسٹ کر دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق فیٹف نے اتفاق رائے سے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان نے 2018 اور 2021 دونوں ایکشن پلانز کی تمام ٹھوس، تکنیکی اور طریقہ کار کی ضروریات پوری کر لی ہیں۔ نتیجے کے طور پر پاکستان کو فوری طور پر اضافی نگرانی کے تحت دائرہ اختیار کی فہرست سے نکال دیا گیا ہے۔

یہ فیصلہ فرانس میں 20 سے 21 اکتوبر 2022 تک ہونے والے ایف اے ٹی ایف کے پلینری اجلاس کے دوران کیا گیا۔ وزیر مملکت برائے امور خارجہ/ قومی ایف اے ٹی ایف رابطہ کمیٹی کی چیئرپرسن حنا ربانی کھر نے ایف اے ٹی ایف پلینری میں پاکستانی وفد کی قیادت کی۔

- Advertisement -

پاکستان نے دونوں ایکشن پلانز کے تقاضوں کو پورا کرنے کے دوران انسداد منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے انسداد (سی ایف ٹی /اے ایم ایل ) کے شعبے میں بہت زیادہ پیش رفت کی ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کوویڈ 19 کی وبا سمیت بہت سے چیلنجوں کے باوجود، پاکستان نے اصلاحات کے راستے کو جاری رکھا اور انسداد منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے انسداد کے نظام کو بین الاقوامی طور پر رائج بہترین طریقوں کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے اعلیٰ سطحی سیاسی عزم کو برقرار رکھا۔

ترجمان نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے اہداف کا حصول پوری قوم کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ وفاقی اور صوبائی دونوں سطحوں پر متعدد وزارتوں، محکموں اور اداروں نے اس قومی مقصد کو حاصل کرنے میں اپنا حصہ ڈالا۔ فیٹف کے ساتھ مشغولیت نے پاکستان کے قوانین اور طریقہ کار میں سٹریٹجک بہتری لائی ہے، جس سے اس کے مقامی انسداد منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے انسداد کے نظام کو موجودہ اور مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مزید ہم آہنگ بنایا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان ایکشن پلان کے عرصہ کے دوران قابل قدر تعاون فراہم کرنے پر فیٹف اراکین اور عالمی برادری کا شکریہ ادا کرتا ہے۔ پاکستان اس بات کا اعادہ کرتا ہے کہ وہ اس باہمی فائدہ مند تعاون کو جاری رکھے گا۔ پاکستان عالمی سطح پر فیٹف کے معیارات کی تاثیر کو بڑھانے کے لیے اپنی مہارت، علم اور تجربے کو دوسرے ممالک کے ساتھ شیئر کرنے کا بھی خواہاں ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=333651

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں