فن ایلن کی تاریخ ساز اننگز،نیوزی لینڈ نے پاکستان کو تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں 45 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-3کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی

87
فن ایلن کی تاریخ ساز اننگز،نیوزی لینڈ نے پاکستان کو تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں 45 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-3کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی

ڈونیڈن۔17جنوری (اے پی پی):نیوزی لینڈ نے پاکستان کو تیسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں 45 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ، کیوی ٹیم کے 225 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنا سکی،

فن ایلن نے 62 بالوں پر 137 رنز کی تاریخ ساز اننگز کھیلی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، بابراعظم کی ایک اور نصف سنچری رائیگاں گئی۔ بدھ کے روز ڈونیڈن میں کھیلے گئے پانچ ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے تیسرے میچ میں مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، نیوزی لینڈ نے مقررہ20 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر224 رنز کا بڑا ٹوٹل ترتیب دیا،

کیوی اوپننگ بلے باز فن ایلن نے برق رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی، انہوں نے62 بالوں پر16 چھکوں اور5 چوکوں کی مدد سے137 رنز بنائے، ٹم سائفرٹ31 اور گلین فلپس 19 رنز کے ساتھ دیگرنمایاں بیٹررہے۔ پاکستان کی طرف سے حارث رئوف مہنگے ترین بائولر ثابت ہوئے، انہوں نے60 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں، کپتان شاہین آفریدی، زمان خان، محمد نواز اور محمد وسیم نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

نیوزی لینڈ کے 225 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 179 رنز بنا پائی۔ بابر اعظم نے ایک مرتبہ پھر نصف سنچری سکور کی تاہم دیگر بلے باز کیوی بائولرز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکے۔ بابراعظم نے 37 بالوں پر 58 رنز بنائے لیکن وہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے،

محمد رضوان 24، محمد نواز 28 ، فخر زمان 19، اعظم خان 10، صائم ایوب 10، افتخار احمد اور وسیم جونیئر ایک ایک رن بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ کپتان شاہین شاہ آفریدی 16 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔

کیوی بائولر ٹم سائوتھی نے 2 جبکہ میٹ ہنری، لوکی فرگوسن، مچل سنٹنر اور ایش سودھی نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ فن ایلن کو تاریخ ساز 137 رنز کی اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس میچ میں فتح کے بعد نیوزی لینڈ نے پانچ میچوں پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز میں 3-0کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔