کیلیفورنیا۔13جون (اے پی پی):نیوزی لینڈ کےمایہ ناز بلے باز فن ایلن نے دھواں دار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹی ٹونٹی کرکٹ کی اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔امریکا میں جاری میجر لیگ کرکٹ کے اوکلینڈ کولیزیم، کیلیفورنیا میں کھیلے گئے ابتدائی میچ میں 26 سالہ فن ایلن نے کے دوران اپنی اننگز میں 19 چھکے لگانے کا ریکارڈ بنا ڈلا۔
اس سے پہلے ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے جراح مزاج بلے باز کرس گیل کے پاس تھا جنہوں نے 18 چھکے لگا کر یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔کیوی بلے باز فن ایلن نے سان فرانسسکو یونیکورن کی جانب سے واشنگٹن فریڈم کے خلاف51 گیندوں پر 151 رنز کی اننگز کھیلی۔
فن ایلن نے اپنی اننگز میں ٹی ٹونٹی کرکٹ میں تیز ترین 150 رنز بنانے کا ریکارڈ بھی بنایا۔ انہوں نے 49 گیندوں پر 150 رنز بنائے، اس کے بعد فن ایلن 34 گیندوں پر سنچری بنانے والے نیوزی لینڈ کے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔واضح رہے کہ میجر لیگ کرکٹ (ایم ایل سی )کے پہلے میچ میں سان فرانسسکو یونیکورن نے واشنگٹن فریڈم کو 123 رنز سے شکست دی تھی۔
سان فرانسسکو یونیکورن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں پر 269 رنز بنائے تھے۔ہدف کے تعاقب میں واشنگٹن فریڈم کی پوری ٹیم 13.1 اوورز میں 146 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی ۔میچ میں سان فرانسسکو یونیکورن کی جانب سے پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ بائولر حارث رؤف نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ یوں سان فرانسسکو یونیکورن کی ٹیم نے میجر لیگ کرکٹ کے ابتدائی میچ میں واشنگٹن فریڈم کو بڑے مارجن 123 رنز سے ہرا دیا۔