
راولپنڈی ۔ 26 جنوری (اے پی پی)فوجی سطح کے پاک ترکی اعلی سطحی ڈائیلاگ گروپ کے 12ویں دور کا دوروزہ اجلاس وزارت دفاع راولپنڈی میں منعقد ہوا ۔پاکستانی دفاعی وفد کی قیادت سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) ضمیر الحسن شاہ جبکہ ترکی کے دفاعی وفد کی قیادت ڈپٹی چیف آف ترکش جنرل سٹاف جنرل عمیت داندارکر رہے ہیں ۔ ڈپٹی چیف آف ترکش جنرل سٹاف جنرل عمیت داندار نے ابتدائی سیشن کے انعقاد سے قبل سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) ضمیر الحسن شاہ سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص دفاعی شعبے میں مکمل تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔دونوں مما لک کے وفود نے پاکستان اور ترکی میں دہشت گردی کے حملوں پر تشویش کا اظہار کیا ۔سیکرٹری دفاع نے ترکش وفد کو دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے حوالے سے تفصیل سے آگاہ کیا ۔