لالہ موسی ۔ 27 ستمبر (اے پی پی):ڈی پی او کمپلیکس میں رحمت العالمین ﷺ کانفر نس کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں علماء اکرام ، امن کمیٹی ممبران نے شرکت کی ۔12ربیع الاول کے موقع پرضلع میں فول پروف سیکورٹی انتظامات کو بھی حتمی شکل دے دی گئی،2190افسران و اہلکار حفاظتی انتظامات سرانجام دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق جشن عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلہ میں ڈی پی او گجرات احمد نواز شاہ کی زیر قیادت ڈی پی او کمپلیکس میں رحمت العالمین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈی ایس پی صد ر ملک عدنان ، ڈی ایس پی سرائے عالمگیر سرکل غلام محمد ، ڈی ایس پی لالہ موسیٰ سرکل محمد اکرم کی سربراہی میں کثیر تعداد میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء اکرام ، ضلعی امن کمیٹی ممبران نے شرکت کی ۔جبکہ ضلع میں عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر فول پروف سیکورٹی انتظامات بھی مکمل کرلئے گئے ہیں۔
ضلع بھر میں چھوٹے بڑے 81جلوس و ریلیاں نکالی جائیں گی۔جن میں 76کیٹیگری سی،4کیٹیگری بی جبکہ1کیٹیگری اے کا جلوس برآمد ہوگا۔پولیس کے 2190افسران و اہلکار حفاظتی انتظامات سر انجام دیں گے،ایلیٹ پولیس فورس کی ٹیمیں اہم شاہراہوں پر پٹرولنگ کریں گے،ضلع بھر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی کی جائے گی،اس موقع پر پولیس قومی رضا کار بھی پولیس اہلکاروں کے شانہ بشانہ ڈیوٹی سر انجام دیں گے،سول کپڑوں میں ملبوس گجرات پولیس کے جوان بھی شرپسندوں پر کڑی نظر رکھیں گے۔
ٹریفک کی روانی کے لئے ڈی ایس پی ٹریفک کی زیر نگرانی خصوصی ٹریفک پلان بھی تشکیل دیا گیا ہے جبکہ کسی بھی نا گہانی صورت حال سے نمٹنے کے لئے پولیس جوانوں پر مشتمل ریزور بھی تشکیل دی گئی ہیں۔ ڈی پی او گجرات احمد نواز شاہ نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں فوراً پولیس کو اطلاع دیں۔انہوں نے تمام مکاتب فکر کے علماء اکرام پر زور دیا ہے کہ وہ ضلع میں مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔