فوڈ اتھارٹی سیفٹی ٹیموں کی مختلف علاقوں میں 190 سے زائد پوائنٹس کی چیکنگ

82

فیصل آباد ۔ 05 مارچ (اے پی پی):فوڈ اتھارٹی فیصل آباد نے ماہ مبارک کے دوران سحر و افطار میں شہریوں کو معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا ہے اور گزشتہ روز فوڈ اتھارٹی کی سیفٹی ٹیموں نے شہر کے مختلف علاقوں میں 190 سے زائد پوائنٹس کی چیکنگ کی جبکہ ناقص انتظامات پر 24فوڈ پوائنٹس کو 3لاکھ 50ہزارروپے سے زائدجرمانہ کیا گیا۔فوڈ اتھارٹی کے ترجمان نے بتایا کہ قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر 1یونٹ کی پروڈکشن اصلاح تک بندجبکہ بھاری مقدار میں غیر معیاری ملاوٹی اور ایکسپائر اشیا تلف کردی گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی خصوصی ہدایت پر121پوائنٹس کو مزید بہتری کے لیے اصلاحی نوٹس جاری کیے گئے جبکہ فنگس زدہ فریزر، بدبودار واشنگ ایریا ہونے پر فوڈ پوائنٹس کو جرمانہ کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ دوران چیکنگ فوڈ ہینڈلرز کے میڈیکل عدم موجود، صفائی بھی صفر تھی،اسی طرح سٹوریج ایریا میں کیڑے، مکھیاں موجود پائی گئیں۔انہوں نے بتایا کہ ناقص، غیر معیاری اشیائے خوردونوش کا استعمال متعدد بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے حکم پررمضان المبارک میں مسلسل چیکنگ کے لیے ٹیمیں 3 شفٹوں میں کام کر رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سحر و افطار پوائنٹس کی چیکنگ کیساتھ ساتھ مشروبات، بیسن،مصالحہ جات،سموسہ رول پٹی،کیچپ، مایونیز،پکوڑیاں یونٹس کی سخت چیکنگ بھی کی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق پنجاب کے باسیوں تک معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے مسلسل کارروائیاں جاری ہیں جبکہ فیصل آباد سمیت پنجاب بھر میں ملاوٹ مافیا کے لیے زیرو ٹالرینس پالیسی ہے۔