کوئٹہ۔ 07 جولائی (اے پی پی):بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی دودھ ٹیسٹنگ مہم کامیابی سے مکمل ہوگئی۔بلوچستان بھر کے مختلف اضلاع میں ایک ہزار سے زائد دودھ کے نمونوں کی جانچ کی گئی۔ 80 فیصد نمونے محفوظ و استعمال کے لیے موزوں پائے گئے۔ دودھ میں ملاوٹ پر 34 دودھ فرشوں پر جرمانے عائد کیے گئے ۔مہم کے دوران ملاوٹی دودھ کی بڑی مقدار کو موقع پر تلف کیا گیا۔مہم کے دوران سینکڑوں ملک شاپس ، ملک سپلائرز اور ڈیری فارمز کی انسپیکشن کی گئی ۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے شہریوں اور تاجروں سے اپیل کی ہے کہ آئیں مل کر بلوچستان کی عوام تک صحت بخش و ملاوٹ سے پاک دودھ کی فراہمی یقینی بنائیں۔ دریں اثناء لورالائی میں دودھ ٹیسٹنگ مہم کے سلسلے میں اتھارٹی کی زونل ٹیم نے لورالائی میں متعدد ملک شاپس اور ڈیری فارمز کا معائنہ کیا اور مراکز میں دودھ کے معیار اور صفائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیکر قوانین کی خلاف ورزی پر 3 ڈیری فارمز کو جرمانے عائد کردیے۔
مذکورہ ڈیری فارمز سے جانوروں کی صحت کیلئے انتہائی مضر آکسیٹوسن انجکشن برآمد جبکہ ڈیریز میں صفائی کے امور، ورکرز کی ذاتی صفائی کی حالت ابتر اور دودھ میں مکھیوں کی موجودگی پائی گئی ۔دوران انسپیکشن معمولی نقائص پر 5 دودھ فروشوں کو اصلاحی نوٹسز بھی جاری کیے گئے ۔