لاہور۔2جنوری (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نےدیسی گھی، چیز، کھویا، دہی، ڈیری پروڈکٹس میں ملاوٹ کرنے والوں کےخلاف شکنجہ سخت کر دیا ہے ۔ ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کی صوبے بھر میں 365 ڈیری یونٹس کی چیکنگ جبکہ ناقص پروڈکٹس کی موجودگی پر 4 یونٹس کی پروڈکشن بند کر دی گئی۔ علاوہ ازیں ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق جعل سازی کا مکروہ دھندہ کرنے والے 8 یونٹس مالکان کےخلاف مقدمات درج کروائے گئے۔ قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر 70یونٹس کو بھاری جرمانے عائد کیے گئے جبکہ 232 یونٹس کو مزید بہتری کے لیے اصلاحی نوٹس جاری کر دیے گئے۔
ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ کارروائیوں کے دوران 2ہزار 340 کلو ملاوٹی دیسی گھی، کھویا، 410 کلو ناقص دودھ،دہی، 350 کلو سے زائد چیز اوردیگر ملاوٹی اشیا تلف کی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ڈویژن میں 44، فیصل آباد میں 64، ساہیوال میں 54، راولپنڈی میں 11، سرگودھا میں 64، گوجرانوالہ ڈویژن میں 53 یونٹس، بہاولپور میں 20، ملتان ڈویژن میں 36، ڈی جی خان ڈویژن میں 29 یونٹس کا معائنہ کیا گیا۔
عاصم جاوید نے کہا کہ پیور فوڈ ریگولیشنز کی سنگین خلاف ورزیوں پر سخت کارروائیاں عمل میں لائی گئیں، ملاوٹی کھوئے،دیسی گھی کی تیاری میں ممنوعہ مضر صحت اجزا کا استعمال کرنے پر یونٹس کو بند کیا گیا۔انتہائی ناقص سٹوریج اور تیار پروڈکٹس پر فنگس لگی پائی گئی مزید برآں دیسی گھی اور کھوئے کے معیار کی تفصیلی جانچ کے لیے 58 سیمپل لیبارٹری بجھوائے گئے۔انہوں نے بتایا کہ غیر معیاری کھوئے اور دیسی گھی کو مختلف چھوٹی بڑی دکانوں پر سپلائی کیا جانا تھا، ملاوٹی دودھ اور کھوئے کا استعمال مختلف موذی امراض میں مبتلا کر سکتا ہے۔پنجاب بھر میں ملاوٹ کرنے والوں کےخلاف مسلسل کارروائیاں کی جارہی ہیں۔فوڈ سیفٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں، ملاوٹ کرنے والوں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے