فوڈ سیکورٹی کسی بھی ملک کیلئے بے انتہا اہمیت کی حامل ہوتی ہے ۔ سید نوید قمر

5

اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر نے کہا ہے کہ فوڈ سیکورٹی کسی بھی ملک کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہے، توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی ضرورت ہے ۔

ہفتہ کو قومی اسمبلی میں بجٹ26-2025 پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجٹ ایک پالیسی دستاویز ہوتی ہے اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ آئندہ سال ملک کی پالیسیاں کیا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ زراعت ریڑھ کی ہڈی اور ملک کا مستقبل ہے، فوڈ سکیورٹی کسی بھی ملک کے لیے بے انتہا اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2008ء میں پیپلز پارٹی نے فیصلہ کیا کہ اب گندم کی درآمد نہیں ہونی چاہئے ہم نے کسی سے کوئی رقم نہیں مانگی اور گندم کی سپورٹ پرائس بڑھا کر ملک کو خود کفیل کر دیا۔

توانائی پالیسی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے اور اس میں سرمایہ کاری ہونی چاہئے جب اس میں پیسہ نہیں ڈالیں گے تو اس میں بھی گروتھ نہیں آئے گی، سرمایہ کار اس وقت تک پیسہ نہیں لگائے گا جب تک اس کو اپنے سرمائے کا تحفظ نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مانیٹری پالیسی اور دیگر اقدامات کے ذریعہ افراط زر کو کنٹرول کیا ہے یہ ایک قابل ستائش پہلو ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے دنیا میں تیل کی قیمتیں کم تھیں جس کی وجہ سے ہم نے افراط زر پر کنٹرول کیا اور اب مڈل ایسٹ میں جنگ چھڑ گئی ہے جس کی وجہ سے تیل کی قیمتیں اوپر جائیں گی اور لامحالہ اس سے ہماری معیشت متاثر ہوگی اس حوالے سے ہمیں پیش بندی کے طور پر اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے،۔