دوحہ /اسلام آباد ۔30ستمبر (اے پی پی):فوڈ سیکیورٹی پر دوسرا آئی او ایف ایس اعلیٰ سطحی فورم (کل)اتوار کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں شروع ہوگا۔قطری وزارت بلدیات، اسلامی تنظیم برائے خوراک تحفظ اور اسلامی تعاون تنظیم کے تعاون سے اس فورم کا اہتمام کر رہی ہے۔
فورم یکم سے 3 اکتوبر تک منعقد ہوگا جس میں اسلامی دنیا میں غذائی تحفظ کو بڑھانے سے متعلق متعدد امور پر تبادلہ خیال سمیت خوراک کے عدم تحفظ سے نمٹنے میں سول سوسائٹی کی شرکت، پائیدارزرعی ٹیکنالوجی کو آگے بڑھانے، خوراک کی حفاظت اور انٹرا او آئی سی فوڈ مارکیٹوں میں اضافہ کا جائزہ لیا جائے گا۔یہ فورم فوڈ سکیورٹی پر ایک توسیع شدہ میڈیا پینل کے ساتھ اپنا کام شروع کرے گا جس کا تھیم "Synergizing Media within Food Systems” منتخب کیا گیا ہے۔
میڈیا پینل ڈسکشن کے دوران، فوڈ سکیورٹی اور میڈیا ماہرین او آئی سی ممالک میں غذائی ت حفظ اور اس شعبے میں بامعنی شراکت داری کو فروغ دینے میں میڈیا کے کردار پر تبادلہ خیال کریں گے۔ سیشن میں یونین آف او آئی سی نیوز ایجنسیز (یو این اے)، قطر نیوز ایجنسی (کیو این اے)، الجزیرہ نیٹ ورک، جمہوریہ قازقستان کے صدر کے ٹیلی ریڈیو کمپلیکس اور عالمی خوراک کی کمیٹی شرکت کریں گے۔ فورم کے پہلے روز تفصیلی پینل مباحثوں کے ذریعے، خوراک کی عدم تحفظ کے خلاف سول سوسائٹی کو شامل کرنے، زرعی شعبے میں خواتین کو بااختیار بنانے، شہروں کو نقل مکانی اور دیہی علاقوں میں آبادی کی تبدیلی اور غذائی تحفظ پر ان کے اثرات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔فورم کے دوسرے روز پائیدار خوراک کی حفاظت کے لیے زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ سے متعلق موضوعات کا جائزہ لیا جائے گا۔
اس موقع پر ماہرین اور حکام پانی کے انتظام کی تکنیکس اور اختراعات، اچھی خوراک کی کاشتکاری اور موسمیاتی حوالے سے سمارٹ زراعت، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے ذریعے خوراک کی پیداوار میں اضافہ اور ٹیکنالوجی پر مبنی حل کے فروغ کے لیے سرکاری اور نجی شعبوں کے درمیان شراکت داری پر غور کریں گے۔
فورم کے تیسرے اور آخری روز اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی ) کے رکن ممالک میں خوراک کی منڈیوں کے استحکام اور او آئی سی پر مشتمل پورے خطے میں خوراک کے شعبے سے متعلق منصوبوں کا جائزہ لیا جائے گا۔آئی او ایف ایس فورم خوراک کی حفاظت اور زرعی ترقی پر او آئی سی کی نویں وزارتی کانفرنس ( ایم سی ایف ایس اے ڈی ) کے ساتھ مل کر میزبانی کر رہا ہے جو دوحہ میں یکم اور 2 اکتوبر 2023 کو او آئی سی کے رکن ممالک میں 2030 کے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کی طرف پیش قدمی ہے ۔
کانفرنس کا مقصد او آئی سی کے رکن ممالک میں زراعت اور غذائی تحفظ کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کرنا، ترجیحات کی نشاندہی کرنا اور او آئی سی ممالک میں غذائی تحفظ کو بڑھانے سے متعلق چیلنجوں سے نمٹنے کے طریقوں پر اتفاق کرنا ہے۔ کانفرنس میں اسلامک آرگنائزیشن فار فوڈ سکیورٹی ( آئی او ایف ایس ) اور زراعت، دیہی ترقی اور غذائی تحفظ میں کام کرنے والے دیگر او آئی سی اداروں کی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا.