فوڈ گروپ کی درآمدات میں جاری مالی سال میں 44.53 فیصد اضافہ ہواہے، ادارہ برائے شماریات پاکستان

64
ادارہ برائے شماریات

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):فوڈ گروپ کی درآمدات میں جاری مالی سال میں 44.53 فیصد اضافہ ہواہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں جولائی تا نومبر کے دوران درآمدات کا حجم 3.01 ارب ڈالر تک بڑھ گیاجبکہ گذشتہ مالی سال میں جولائی تا نومبر کے دوران فوڈ گرو کی درآمدات کا حجم 2.08 ارب ڈالر رہا تھا۔ اس طرح گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے پانچ مہینوں کے دوران غذائی اجناس کے گروپ کی قومی درآمدات میں 93 کروڑ ڈالر یعنی 44.53 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پی بی ایس کے مطابق گندم اور چینی کی مقامی طلب کو پورا کرنے کے لئے حکومت گندم اور چینی درآمد کررہی ہے۔ جو فوڈ گروپ کی مجموعی درآمدات میں اضافہ کا سب سے بڑا سبب ہے۔ مزید برآں گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے دوران دودھ، خشک پھلوں ، چائے ، مصالحہ جات ، پام آئل ، سویا بین آئل اور دالوں وغیرہ کی درآمدات میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔