فٹبال ورلڈ کپ 2026 کا ہنگامہ خیز آغاز، افتتاحی میچ میں ریڈ کارڈز کی برسات،تاریخ کا منفرد ریکارڈ بن گیا

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پہلے ہی میچ نے فٹبال کی دنیا میں سنسنی پھیلا دی ہے جہاں ریفری کے سخت تیور اور میدان میں کھلاڑیوں کے گرم خون نے کھیل کو جنگ کا میدان بنا دیا

میکسیکو سٹی۔12جون (اے پی پی):فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پہلے ہی میچ نے فٹبال کی دنیا میں سنسنی پھیلا دی ہے جہاں ریفری کے سخت تیور اور میدان میں کھلاڑیوں کے گرم خون نے کھیل کو جنگ کا میدان بنا دیا اور تاریخ میں پہلی بار افتتاحی میچ میں ریڈ کارڈز کی تگڑی سنچری مکمل ہو گئی اور انوکھا ہی ریکارڈ بن گئی ۔ ای ایس پی این کے مطابق فیفا ورلڈ کپ 2026 کے افتتاحی میچ میں میزبان میکسیکو نے جنوبی افریقا کو 0۔2 سے شکست دے دی۔میکسیکو سٹی کے تاریخی سٹاڈیو ایسٹیکا میں میزبان میکسیکو اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلے گئے اس ہائی وولٹیج مقابلے میں میزبان ملک میکسیکو نے جنوبی افریقا کو 0-2 سے شکست دی ، لیکن کک آف ہوتے ہی دونوں ٹیموں کے اعصاب پر ایسا تناؤ سوار ہوا کہ فٹبال کی تاریخ کا ایک انوکھا اور بے حد جارحانہ ریکارڈ قائم ہو گیا۔

میچ میں اصل سسپنس اس وقت پیدا ہوا جب ریفری نے فاؤلز پر سخت ایکشن لیتے ہوئے ایک کے بعد ایک تین کھلاڑیوں کو سگنل دکھا کر باہر کا راستہ ناپنے پر مجبور کر دیا، جس میں دو ریڈ کارڈ جنوبی افریقا اور ایک میزبان میکسیکو کے حصے میں آیا۔ فٹبال ورلڈ کپ کی طویل تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ ایونٹ کا پہلا ہی میچ اس قدر غصے اور کارڈز کی برسات کی نذر ہوا ہو، ورنہ اس سے قبل تاریخ میں صرف 7 بار ایسا ہوا ہے جب کسی میچ میں 3 یا اس سے زیادہ کھلاڑیوں کو باہر نکالا گیا ہو، جس میں 2006 کا پرتگال اور نیدرلینڈز کا وہ میچ بھی شامل ہے جسے آج بھی 4 ریڈ کارڈز کی وجہ سے ‘بیٹل آف نوریبرگ’ کہا جاتا ہے۔