کینبرا۔31مارچ (اے پی پی):آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بائولر انجری مسائل کے باعث انڈین پریمیئر لیگ کے 16 ویں ایڈیشن کے ابتدائی مرحلے سے باہر ہوگئے ۔32 سالہ جوش ہیزل ووڈ پٹھوں کی تکلیف میں مبتلا ہیں جس کی وجہ سے وہ آئی پی ایل 2023 کے ابتدائی مراحل کے لیے اپنی ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور کو دستیاب نہیں ہوں گے اور وہ انجری سے نجاب کے لئے ؓبحالی صحت کے عمل سے گزر رہے ہیں۔
آسٹریلوی فاسٹ بائولر جوش ہیزل ووڈ اس وقت سڈنی میں موجود ہیں اور وہ آئی پی ایل کے 16ویں ایڈیشن کے لیے رائل چیلنجرز بنگلور میں شمولیت سے قبل کرکٹ آسٹریلیا کے طبی عملے سے مشورہ کریں گے۔انڈین پریمیئر لیگ کی فرنچائز رائل چینلجرز بنگلور نے جوش ہیزل ووڈکو 7.75 کروڑ میں خریدا تھا۔
جوش ہیزل ووڈ فٹنس مسائل کے باعث بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران بھارت سے واپس آسٹریلیا بھیج دیا گیا تھا کیونکہ وہ آسٹریلیا کے ڈومیسٹک سیزن کے دوران چوٹ لگنے کے بعد بحالی صحت کے عمل سے گزر رہے تھے۔ جوش ہیزل ووڈ آخری مرتبہ ٹیسٹ میچ رواں سال جنوری میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا تھا۔ کرکٹ آسٹریلیا سی اے کے لئے جوش ہیزل ووڈ کی فٹنس اولین ترجیح ہے۔