ڈنمارک اور یوکرین کے درمیان کھیلے گئے ایک دوستانہ فٹ بال میچ کے دوران ڈنمارک کے تجربہ کار مڈفیلڈر کرسچن ایرکسن اچانک گراؤنڈ میں گر گئے، تاہم ڈینش فٹ بال ایسوسی ایشن کے مطابق اب وہ ہوش میں ہیں
فٹ بال، ڈنمارک کے سٹار فٹ بالر کرسچن ایرکسن میچ کے دوران گرنے کے بعد ہوش میں آ گئے

مزید خبریں
اوڈینس۔8جون (اے پی پی):ڈنمارک اور یوکرین کے درمیان کھیلے گئے ایک دوستانہ فٹ بال میچ کے دوران ڈنمارک کے تجربہ کار مڈفیلڈر کرسچن ایرکسن اچانک گراؤنڈ میں گر گئے، تاہم ڈینش فٹ بال ایسوسی ایشن کے مطابق اب وہ ہوش میں ہیں۔ بی بی سی کے مطابق اوڈینس میں کھیلے جا رہے اس میچ کے 65 ویں منٹ میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے بعد میچ کو فوری طور پر روک کر منسوخ کر دیا گیا۔ اچھی بات یہ رہی کہ 34 سالہ کرسچین ایرکسن خود اپنے قدموں پر چل کر میدان سے باہر گئے۔یاد رہے کہ مانچسٹر یونائیٹڈ اور ٹوٹنہم ہاٹ پورکے سابق مڈفیلڈر کو 2021 میں یورو 2020 کے ایک میچ کے دوران دل کا دورہ پڑا تھا، جس کے بعد ان کے جسم میں آئی سی ڈی (پیس میکر کی ایک قسم) فٹ کی گئی تھی۔ ٹیم کے ڈاکٹر مورٹن بوئسن نے بتایا کہ "کرسچن ایرکسن اب بہتر ہیں اور خود چل کر گرائونڈ سے باہر گئے۔ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ پیس میکر نے بالکل ٹھیک کام کیا۔ وہ کچھ دیر کے لیے بے ہوش ہوئے تھے لیکن جلد ہی ہوش میں آ گئے۔ اب ہسپتال میں ان کے مزید ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ہسپتال سے ایرکسن نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے لیے پیغام بھیجا ہے کہ وہ ٹھیک ہیں۔ ڈنمارک کے کپتان پیئر ایمائل ہوئبرگ اور ہیڈ کوچ برائن ریمر نے اس موقع پر طبی عملے اور کھلاڑیوں کی پھرتی اور ہمت کی تعریف کی۔ واضح رہے کہ ایرکسن نے گزشتہ سیزن میں جرمن کلب وولفسبرگ کے لیے 34 میچز کھیلے تھے اور یوکرین کے خلاف یہ ان کا 151 واں بین الاقوامی میچ تھا۔ ڈنمارک اور یوکرین دونوں ٹیمیں جمعرات سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکی ہیں۔








