اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):نائب وزیراعظم،وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے فٹ بال کے احیا کے لیے حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فٹ بال قومی اتحاد اور فخرکے فروغ کا ایک اہم جزو ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں فٹ بال کے مستقبل کے بارے میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔
نائب وزیر اعظم آفس سے ہفتہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق اجلاس میں بین الصوبائی رابطہ کے وزیر اور سیکرٹری، ایس اے پی ایم ٹو ڈی پی ایم آفس اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی نئی قیادت نے شرکت کی۔اس موقع پر کمیٹی نے فٹ بال کے اہم بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو کے لیے مستقبل کا نظریہ پیش کیا۔
انتظامی اور سیاسی رکاوٹوں کی وجہ سے ماضی کے چیلنجوں کو تسلیم کرتے ہوئے قیادت نے ایک ترقیاتی ایجنڈے کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت پر زور دیا جس کی بنیادنچلی سطح پر پائیدار شمولیت سے منسلک ہے۔ اجلاس کے دوران فیفا کی رہنمائی میں فٹ بال کی بحالی کا اعادہ بھی کیا گیا۔
نائب وزیراعظم،وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اجلاس کے دوران فٹ بال کے احیاء کی حمایت کے لیے حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اسے قومی اتحاد اور فخر کے فروغ کا ایک اہم جزو قرار دیا۔