مائونٹ مانگنوئی۔28دسمبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان نے کہا ہے کہ فہیم اشرف ایک آل راؤنڈر کا کردار ادا کر رہے ہیں، اپنے ایک بیان میں یونس خان نے کہا کہ امید ہے فہیم اشرف عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فہیم اشرف کے کھیل میں بہتری آرہی ہے اور وہ اچھے باؤلنگ آل راؤنڈر بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ یونس خان نے کہا کہ ٹاپ آرڈر سے رنز نہیں ہو ئے لیکن انہوں نے کریز پر وقت ضرور گزاراہے ۔انہوں نے کہا کہ فہیم اشرف کے لیے سٹیج تیار تھا، جب وہ کریز پر پہنچے تو پچاس اوورز ہو چکے تھےٹاپ آرڈر میں ایک اچھی پارٹنر شپ ہو جاتی تو صورتحال مختلف ہوتی۔انہوں نے محمد رضوان کے حوالے سے کہا کہ ان کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے،محمد رضوان انگلینڈ میں بھی اچھا کھیلے، ان کی کیوی ٹیم کے خلاف میچ کے تیسرے روز کی اننگز بالکل مختلف تھی۔ انہوں نے کہا کہ محمد رضوان ایک میچور اور سینئر پلیئر کے روپ میں نظر آ رہے ہیں، محمد رضوان اسی طرح کھیلتے رہے تو پاکستان کو بہت فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کپتان کی اپنی کارکردگی بہت اہمیت رکھتی ہے، پرفارمنس اچھی ہو تو فیلڈ میں فیصلے بھی اچھے ہوتے ہیں، کھیل کے دوسرے روز شان مسعود کا آؤٹ ہونا پاکستان ٹیم کے لیے بدقسمت رہا، یونس خان نے کہا کہ کھیل کے تیسرے روز ناٹ آؤٹ سیٹ بیٹسمین کھیل رہے ہوتے تو بہت فائدہ ہوتا، پارٹنر شپ لگنے سے دوسری ٹیم پر دباؤ ہوتا ہے اگر اننگز میں سو رنز کی دو سے تین پارٹنر شپ ہو جائیں تو بہت فائدہ ہوجاتا ہے۔ یونس خان نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ کی اننگز میں بھی اسی طرح ہوا، انہوں نے ایک لمبی اور دو چھوٹی چھوٹی پارٹنر شپ لگائیں اور چارسو رنز بنالیے۔