لاہور۔11دسمبر (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے رجسٹرار جوائنٹ سٹاک کمپنی پنجاب میں فیزیکل فٹنس کمپنی رجسٹر نہ کرنے کے خلاف درخواست پر ڈسٹرکٹ آفیسر سوسائٹی رجسٹریشن پنجاب کو طلب کر لیا۔
عدالت نے مزید سماعت 16 دسمبر تک ملتوی کردی ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار سید علی کی جانب سے ایڈووکیٹ اویس ظفر نے پیش ہو کر بتایا کہ سوسائٹی رجسٹریشن ایکٹ کے تحت سوسائٹی رجسٹر کروانا چاہتے ہیں،رجسٹرار جوائنٹ سٹاک کمپنی پنجاب نے بطور کمپنی رجسٹر کرنے کی درخواست مسترد کر دی،قانون کے مطابق کمپنی کو رجسٹر کرنے سے نہیں روکا جا سکتا،لاہور شہر بھر میں غیر معیاری اور غیر تربیت یافتہ افراد فٹنس کلب چلا رہے ہیں،کمپنی کے تربیت یافتہ افراد کے ذریعے کالجز کے طلبا کو آگاہی فراہم کی جائے گئی،کمپنی کے ذریعے آگاہی کے لیے سیمنار کروائے جائیں گے،عدالت رجسٹرار جوائنٹ سٹاک کمپنی پنجاب کو بطور کمپنی رجسٹر کرنے کا حکم دے۔عدالت نے ڈسٹرکٹ آفیسر سوسائٹی رجسٹریشن پنجاب کو طلب کرتے ہوئے سماعت 16 دسمبر تک ملتوی کر دی۔