فیصل آباد۔ 03 فروری (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کے تمام حکام کو فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ،سرگودھا، میانوالی، خوشاب، بھکرکے علاقوں میں بجلی چوروں کے خلاف مزید تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
چیف ایگزیکٹو فیسکوانجینئر محمد عامرنے اے پی پی سے گفتگو کے دوران کہا کہ صارفین اور عوام کے تعاون کے بغیر بجلی چوری کے مرتکب قومی مجرموں سے مکمل طور پر نمٹنا ممکن نہیں۔ انہوں نے بتایاکہ اگرچہ بجلی چوروں اور فیسکو کا متعلقہ میٹریل چوری کرنے والوں کے خلاف انتظامیہ و پولیس کی مدد بھی حاصل کی جارہی ہے لیکن صارفین کی مدد کے بغیر اہداف کا حصول مشکل ہے۔
انہوں نے کہاکہ سرکاری املاک قومی اثاثہ ہیں جن کی حفاظت عوام کی مدد سے یقینی بنائی جا سکتی ہے۔ انہو ں نے فیسکو کے آپریشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران کو بھی ہدایت کی کہ وہ کورٹ کیسز کابھی جائزہ لیں اور جو کیسز آؤٹ آف کورٹ طے ہو سکتے ہیں ان کو باہمی تصفیہ سے حل کیاجائے۔انہوں نے واضح کیا کہ بجلی چوری جیسے مکروہ جرم میں ملوث فیسکو کے اہلکاروں کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کروائی جائے گی اور انہیں نوکری سے برخاست کردیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ بجلی چوروں کی نشاندہی کےلئے فوری طور پر فری ہیلپ لائن 0800-84338 پررابطہ کریں ۔