فیسکونے نیٹ میٹرنگ کے کنکشنز کے حصول کے طریقہ کار کومزید آسان بنانے کیلئے اقدامات کاآغاز کردیا

237
Fesco
Fesco

لاہور۔ 26 جنوری (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) نیٹ میٹرنگ کے کنکشن کے حصول کے طریقہ کار کو مستقبل میں مزید آسان بنارہی ہے تاکہ زیادہ سے زیاد ہ صارفین نیٹ میٹرنک سے مستفید ہو سکیں۔ نیٹ میٹرنگ کے کنکشن کے حصول کیلئے فیسکو سٹاف صارفین کو تمام تر سہولیات مہیا کریں تاکہ انہیں کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ ہو۔

یہ بات چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئرمحمد عامر نے وزارت توانائی(پاور ڈویژن) کی خصوصی ہدایت پر فیسکو ریجن میں صارفین کے بجلی سے متعلقہ مسائل کے فوری ازالہ کیلئے فیسکو ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ ای کچہری کے موقع پر کہی جس میں فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ، سرگودھا، میانوالی، بھکر، ٹوبہ ٹیک سنگھ اورخوشاب کے اضلاع کے صارفین نے اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ انجینئر محمد عامر نے کہا کہ آن لائن کچہریوں کے انعقاد سے نہ صرف صارفین کے مسائل میں کمی واقع ہو رہی ہے بلکہ صارفین فیسکو افسران کو براہ راست اپنے مسائل سے آگاہ کر تے ہیں جس سے فیسکو انتظامیہ کو اپنی سروسز کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کہ بجلی سے متعلقہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ حکومتی ویژن کاعکاس ہے اورآن لائن کچہریوں کا انعقاد اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جو صارفین بجلی کے مسائل فوری حل کرنے میں معاون ثابت ہو رہا ہے۔انہوں نے فیسکو افسران اور ملازمین پر زور دیا کہ وہ صارف دوست رویہ اختیار کریں اور صارفین بجلی کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔

انہوں نے ملازمین کو تنبیہ کی کہ صارفین کی شکایات کے ازالے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ آن لائن کچہری کے دوران چیف ایگزیکٹو نے آن لائن صارفین بجلی کے مسائل سنے اوران کی مختلف شکایات پر میٹر تبدیل کرنے،ایل ٹی پروپوزلز کی تیاری،پرانے ٹرانسفارمروں کی تبدیلی، بجلی کی تاروں کی تبدیلی و مرمت اور وولٹیج کی کمی بیشی کو دور کرنے کے احکامات صادر کئے۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ان مسائل کے جلد حل اور انہیں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔اس موقع جنرل منیجر (آپریشن) میاں رفیق، چیف انجینئر(سی ایس) میڈم صدف ناز، ڈی جی (ایڈمن) اطہر ایوب چوہدری، ایڈیشنل ڈی جی (پی آر) طاہر شیخ، ڈائریکٹر کمرشل محمد سعید اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔