فیصل آباد۔ 16 ستمبر (اے پی پی):حکومت پاکستان اور وزارت توانائی (پاور ڈویژن)کی ہدایات پرفیسکوکا بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ترجمان فیسکوطاہر محمود شیخ نے اے پی پی کو بتایاکہ وزیراعظم کی ہدایت پر فیسکو کے آٹھ اضلاع میں ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف بھرپور آپریشن کیاجارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ فیسکوریجن کے چھ آپریشن سرکلز کی ٹیموں نے مزید 137بجلی چور وں کو دھر لیا جنہیں 3لاکھ 78 ہزارسے زائدڈی ٹیکشن یونٹس کی مد میں 1کروڑ57لاکھ سے زائد کے جرمانوں کے بل جاری کئے گئے ہیں،تمام بجلی چوروں کے میٹرزاور دیگر تنصیبات منقطع کرکے ان کے خلاف ایف آئی کے اندراج کیلئے درخواستیں دائر کردی گئی ہیں۔
ضلع فیصل آباد میں دوران چیکنگ اب تک 353بجلی چوروں کو 10لاکھ66ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس کی مدمیں 4کروڑ52لاکھ 56ہزار جرمانہ عائدکیاگیا۔ ترجمان فیسکو نے بتایا کہ ضلع جھنگ میں اب تک 101بجلی چوروں کو 4لاکھ 68ہزارسے زائدڈی ٹیکشن یونٹس کی مد میں ایک کروڑ50لاکھ روپے جرمانہ عائد کیاگیا۔ اسی طرح ضلع بھکر میں اب تک 81بجلی چوروں کو 2لاکھ 23 ہزار سے زائدڈی ٹیکشن یونٹس اور ایک کروڑ 27 لاکھ جرمانہ عائدکیاگیا۔ ضلع چنیوٹ میں 92بجلی چوروں کو 2لاکھ66ہزارسے زائدڈی ٹیکشن یونٹس پر مشتمل 73لاکھ سے ہزارجرمانہ جاری کیاگیا۔ ضلع خوشاب میں 28بجلی چوروں کو تقریباً71ہزارسے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس پر مشتمل31لاکھ سے زائد جرمانہ جاری کیاگیا۔
ضلع میانوالی میں 75بجلی چوروں کو ایک لاکھ63 ہزارسے زائدڈی ٹیکشن یونٹس اور60 لاکھ 93ہزارروپے جرمانہ عائدکیاگیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع سرگودھا میں 111 بجلی چوروں کو2لاکھ 69ہزارسے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اورایک کروڑ31لاکھ جرمانہ عائدکیاگیا۔ ضلع ٹوبہ میں 69بجلی چوروں کو2لاکھ سے زائدڈی ٹیکشن یونٹس اور 76 لاکھ 30ہزار روپے جرمانوں کے بک جاری کئے گئے۔ فیسکو ریجن میں مجموعی طورپر917 بجلی چوروں کو27لاکھ 56ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس کی مدمیں 10کروڑ86لاکھ 85ہزارسے زائدکا جرمانہ عائدکیاگیا۔ فیسکو ریجن سے اب تک 13بجلی چوروں کو گرفتارکیاجاچکا ہے۔
طاہر محمود شیخ کا کہنا تھا کہ بجلی چوری کے خلاف جاری خصوصی مہم میں دس دنوں کے دوران فیسکو ریجن بھر سے کل917بجلی چوروں کوپکڑاگیا ہے جن کو 27لاکھ 56ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس کی مدمیں 10کروڑ86لاکھ 85ہزار سے زائدکا جرمانہ عائد کیاگیا ہے،بجلی چوروں سے اب تک ایک کروڑ62لاکھ سے زائد کی ریکوری بھی کرلی گئی ہے جبکہ مجموعی طورپر 661بجلی چوروں کے خلاف مقدمات کا اندراج بھی ہوچکا ہے۔انہوں نے بتایاکہ ڈائریکٹ سپلائی اور دیگرسنگین طریقوں سے بجلی چوری کر محکمہ کو نقصان پہنچانے والے 13بجلی چوروں کو گرفتاربھی کرلیاگیا ہے.
علاوہ ازیں حکومت پاکستان کی ہدایت پر فیسکوکے نادہندگان سے ریکوری کی خصوصی مہم بھی بھرپور طریقے سے جاری ہے۔ریکوری ٹیموں نے فیسکو ریجن سے مستقل نادہندگان اوربجلی چوری میں ملوث آفراد سے 6کروڑ25لاکھ روپے وصول کرلئے ہیں۔ نادہندگان میں گھریلو،کمرشل اور صنعتی صارفین شامل ہیں۔فیسکوکے نادہندگان کے خلاف یہ خصوصی مہم روزانہ کی بنیادوں پر جاری رہے گی۔