فیصل آباد۔ 02 جنوری (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(فیسکو)کے ترجمان نے کہا کہ صارفین کو اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے ریگولیٹری قوانین سے آگاہی حاصل کرنا اور اس کے ہر مرحلے میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ صارفین کی ریگولیٹری قوانین سے آگاہی کے نتیجہ میں بھی بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو اپنی کارکردگی بڑھا نے میں مدد ملے گی۔انہوں نے بجلی کے ٹیرف کی ہیئت،اس کے اجزا، اس میں تقسیم کار کمپنیوں کے حصے، بجلی کی پیداواری لاگت اور اس میں عائد ٹیکسز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صارفین کو ریگولیٹری قوانین سے آگاہی نہ ہونے کے باعث ان کے حقوق متاثر ہوتے ہیں لہٰذا صارفین کو آگے بڑھنا ہو گا۔
انہو ں نے مزید کہا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے افسران اورملازمین کو پاور سیکٹر کا بہتر امیج اور اپنا تشخص بحال کرنے اور صارفین کا اعتماد جیتنے کیلئے مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کی کارکردگی بڑھنے سے کمپنی کی انتظامی اور مالی صحت پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔