فیصل آباد۔ 13 نومبر (اے پی پی):وزارت توانائی حکومت پاکستان کے احکامات کی روشنی میں فیسکوکی نادہندگان کے خلاف ریکوری مہم بھرپور طریقے سے جاری ہے۔چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر بشیر احمد کی ہدایت پرفیسکو کے تمام آپریشن سرکلز کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز کی زیرنگرانی ایکسین اور ایس ڈی اوحضرات سٹاف کے ہمراہ فیلڈ میں ڈیفالٹرزسے ریکوری میں مصروف ہیں جبکہ گزشتہ روزفیسکوریجن بھر کے آٹھوں اضلاع میں ٹیموں نے گھر گھر جاکر بلوں کی ادائیگی کی چیکنگ کی اوررننگ ڈیفالٹرزسے 59لاکھ 93ہزارسے زائد جبکہ فیسکو کے مستقل نادہندگان سے 75لاکھ 87ہزار سے زائدکی وصولیاں کی گئیں اور مستقل نادہندگان کے گھروں،فیکٹریوں،دوکانوں کوبھی چیک کیا گیا جبکہ نادہندگان گھریلو،زرعی اور کمرشل صارفین کے کنکشن بھی منقطع کئے گئے۔
فیسکو کے ترجمان طاہر محمود شیخ نے اے پی پی کو بتایا کہ فیسکو واجبات ادا نہ کرنیوالے رننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹرز کے خلاف خصوصی آپریشن کررہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر بشیر احمدنے فیسکو ڈیفالٹرزکو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے ذمہ واجب الادا واجبات کو جلد از جلد جمع کروائیں بصورت دیگر واجبات کی عدم ادائیگی پران کے بجلی کنکشن کاٹ دیئے جائیں گے۔
انہوں نے آپریشن اور ریکوری سٹاف کو بھی ہدایت کی کہ واجبات ادا نہ کرنے والے صارفین کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز اور مؤثربنایاجائے اور یہ بھی چیک کیاجائے کہ بجلی کاٹنے کے بعد ڈیفالٹرز نے ہمسایوں یا کسی اور ذرائع سے بجلی تو حاصل نہیں کررکھی نیزایسی صورت حال میں ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھی کاروائی کی جائے۔